سپریم کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاون کیس میں شریف برادران کی طلبی سے متعلق کیس میں ایڈووکیٹ جنرل اورپراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کردیے

جمعہ 16 نومبر 2018 23:35

سپریم کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاون کیس میں شریف برادران کی طلبی سے متعلق ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) سپریم کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاون کیس میں شریف برادران کی طلبی سے متعلق کیس میں ایڈووکیٹ جنرل اورپراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی ہے ۔جمعہ کو جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ، اس موقع پر عوامی تحریک کے وکیل نے پیش ہوکر بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے ماڈل ٹائون کیس میں میاں نوازشریف سمیت 12سیاسی رہنمائوں کوبطورملزم طلب کرنے کے حوالے سے ہماری پٹیشن خارج کردی ہے جس کی وجہ سے ہمیںسپریم کورٹ آناپڑا ہے، جس پر جسٹس گلزار نے ان سے کہا کہ دوججوں نے فیصلے میں قرار دیا کہ پہلے کیس کاٹرائل مکمل ہونے دیا جائے تاہم تیسرے جج نے دوبارہ تحقیقات کی رائے دی ہے ۔

(جاری ہے)

اب اگر اس معاملے میںسیاسی رہنمائوں کیخلاف کیس بنتا ہو تو ان کا الگ ٹرائل ہوجائے گا۔ جس پرعوامی تحریک کے وکیل نے پیش ہوکربتایا کہ میاں نوازشریف، میاں شہبازشریف، رانا ثنااللہ اور دیگر کیخلاف شواہد موجود ہیں، جس پر عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردی، یاد رہے ٹرائل کورٹ نے سیاسی رہنماوں کی بطور ملزم طلبی کی استدعا مسترد کی تھی اور لاہورہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا تھا جس کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائرکی گئی ہے۔