وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے پاک برطانیہ بزنس کونسل اور پاکستان سکاٹ لینڈ بزنس کونسل کے وفد کی ملاقات

وفد نے وفاقی وزیر کو پاکستان کے مختلف شعبوں بالخصوص صحت اور مالیاتی شعبہ میں سرمایہ کاری و فنانسنگ کے مختلف منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی

جمعہ 16 نومبر 2018 23:35

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے پاک برطانیہ بزنس کونسل اور پاکستان سکاٹ ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے پاک برطانیہ بزنس کونسل اور پاکستان سکاٹ لینڈ بزنس کونسل کے وفد نے جولین ہملٹن برانس اور راشد اقبال کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد نے وفاقی وزیر کو پاکستان کے مختلف شعبوں بالخصوص صحت اور مالیاتی شعبہ میں سرمایہ کاری و فنانسنگ کے مختلف منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔

وفد نے پاکستان بھر میں لوگوں کو علاج معالجہ کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے سلسلہ میں ہسپتالوں کا نیٹ ورک قائم کرنے سے متعلق تجویز سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ کونسل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، بین الاقوامی فنانسرز، مخیر حضرات اور دیگر مالیاتی اداروں سے اس حوالہ سے مالی معاونت کے حصول میں کردار ادا کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کونسلز کی جانب سے اقدامات کا خیرمقدم کیا اور حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے وفد سے باضابطہ پروپوزل پیش کرنے کیلئے کہا جو مستقبل کے تعاون کیلئے بنیاد فراہم کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کیلئے پرعزم ہے۔ دریں اثناء وزیر خزانہ سے وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان کے پی کے وفد نے غضنفر بلور کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں کاروبار کی مجموعی صورتحال اور افغانستان کو برآمدات بڑھانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔