ماہرین نے ترشاوہ پودوں کو کیرے سے بچانے کیلئے ان کو تندرست اور صحتمند حالت میں رکھنے کی ہدایت

ہفتہ 17 نومبر 2018 01:40

فیصل آباد۔14 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) ماہرین زراعت نے ترشاوہ پودوں کو کیرے سے بچانے کیلئے ان کو تندرست اور صحتمند حالت میں رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ چونکہ درختوں کی نازک ٹہنیاں کم سکت رکھتی ہیں اس لئے اس بات کاخیال رکھا جائے کہ وہ پھل کے بوجھ کو آسانی سے برداشت کرسکیں اور اس طرح پھل کیرے سے محفوظ رہ سکے۔

انہوںنے کہاکہ ترشاوہ پھل رقبہ اور پیداوار کے لحاظ سے دوسرے تمام پھلوں سے سبقت حاصل کر چکاہے اور ان کے زیر کاشت رقبہ میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے نیز صوبہ پنجاب کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کی موافق آب و ہواو نہری پانی کی دستیابی اور زمینی خاصیت پیداوار کے لحاظ سے 94فیصد تک ترشاوہ پھلوں میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے جس کے باعث تمام ترشاوہ پھلوں میں کنو کا شمار 70 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے بھی پھلوں کی بہت سی اقسام متعارف کرائی ہیں جن میں مالٹے ، سنگترے اور گریپ فروٹ کی بہت سی بغیر بیج والی اقسام قابل ذکر ہیں۔انہوںنے بتایاکہ صوبہ پنجاب میں ترشاوہ پھل ترقی اور تنوع کے لحاظ سے ایک نیا رُخ اختیار کر چکے ہیںتاہم اس وقت ترشاوہ پھل جن اہم مسائل سے دوچار ہیں اُن میں ان کی برداشت سے پہلے پھل کا کیرا اور اُ س کا تدارک انتہائی اہم امور میں شمار ہوتا ہے۔

انہوںنے بتایاکہ برداشت سے پہلے کیرے کی بہت سی وجوہات میں جن سے باغباں حضرات کو آگاہ کرنا اور ان کے تدارک کیلئے مؤثر تجاویز نہایت ضروری ہیں۔انہوںنے بتایاکہ کیرے میں کئی وجوہات کار فر ماہیں جن میںموسم گرما کی شدت اور پانی کی کمی،پودے کی کمزور صحت و حالت،کیڑے مکوڑوں خصوصاًً تیلے ، گدھیڑی اورپھل کی مکھی کا حملہ،مختلف بیماریوں کا حملہ ،غیر موزوں فصلات کی کاشت،موسم سرما میں برداشت کے قریب موسمی حالات،ہارمونز کا عدم تناسب بھی شامل ہیں۔

انہوںنے کہاکہ کیرے کے تدارک کے ضمن میں باغبان نامیاتی و غیر نامیاتی کھادیں بشمول عناصر صغیرہ پودوں کو محکمانہ سفارشات کے مطابق مناسب اوقات ِ کار اور درست طریقہ کو بروئے کار لاتے ہوئے ضرور مہیاکریں تاکہ اس طرح پودے صحت مند اور تندرست حالت میں رہیں اور پھل کا کیرا بھی کم رہے ۔انہوںنے مزید کہاکہ پھل سیٹ ہونے سے لیکر پھل کی پختگی تک محکما نہ سفارشات کے مطابق آبپاشی کا بھی خاص خیال رکھنا اشد ضروری ہے ۔

متعلقہ عنوان :