پاکستان میں کیلے کا زیرکاشت رقبہ 34830 ہیکٹرز اور پیداوار 154825 ٹن سے تجاوز

ہفتہ 17 نومبر 2018 01:40

فیصل آباد۔14 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) پاکستان میں کیلے کا زیرکاشت رقبہ 34830 ہیکٹرز اور پیداوار 154825 ٹن سے بھی تجاوز کر گئی ہے جبکہ سندھ میں کیلے کی پیداوار 127426 اور پنجاب میں 9373تک پہنچ گئی ہے نیزموسہ کیوینڈیسی، بصرائی ،چمپا،گروس بائیکل، موسیٰ سیپی اینٹم،ہیلٹا نامی اقسام کاشت کرکے کیلے کی شاندار پیداوارحاصل کی جاسکتی ہے۔

ماہرین زراعت نے بتایاکہ کیلے کی اعلیٰ اقسام ایسے گرم مرطوب علاقوں میں انتہائی کامیابی کے ساتھ کاشت کی جاسکتی ہیں جہاں کہر نہ پڑتا ہو اور پودے گرم لو سے بھی محفوظ رہتے ہوں۔انہو ں نے کہاکہ جن علاقوںمیں سالانہ ایک ہزار ملی لیٹر تک بارش ہو تی ہو ، موسم سرمامیں درجہ حرارت 16 سے 18 ڈگری اور موسم گرما میں 21 سی24ڈگری سینٹی گریڈ تک رہتاہو وہاں کیلے کی شاندار پیداوار ہو سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ چونکہ کیلے کے پودے کی جڑیں کم گہرائی تک جاتی ہیں اس لئے اسے کافی پانی اور ذرخیز ایسی زمین درکارہوتی ہے جس میں پانی اچھی طرح جذب کرنے کی صلاحیت ہو ۔ انہوںنے بتایاکہ کیلے کی افزائش رائزوم کے ٹکڑوں اور زیر بچوں سے کی جاسکتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ باغبان پودوں کا درمیانی فاصلہ 1.5سے 2.5 میٹر تک رکھیں اور فی ایکڑ پودوں کی تعداد 676سی764تک رکھی جائے ۔انہوںنے بتایاکہ باغبان مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت کی خدمات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔