حوثیوں نے جنگ بندی کی فوری خلاف ورزی کردی، الحدیدہ میں گولہ باری

ھوزر توپ خانے سے ڈیری فیکٹری، المخلافی کولڈ اسٹوریج اور ایک اور فیکٹری پر گولہ باری ،تمام کارخانے جل کر راکھ

ہفتہ 17 نومبر 2018 11:50

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں نے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی جنگ بندی کی مساعی کی دوبارہ خلاف ورزیاں شروع کر دیں،حوثی باغیوں نے مغربی شہر الحدیدہ میں خوراک کے مراکز اور ایک کارخانے پر گولہ باری کی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق یمنی فوج کے کرنل احمد الجحیلی نے کہا کہ حوثیوں نے ھوزر توپ خانے سے ڈیری فیکٹری، المخلافی کولڈ اسٹوریج اور ایک اور فیکٹری پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں یہ تمام کارخانے جل کر راکھ ہوگئے۔

(جاری ہے)

کرنل الجحیلی نے کہا کہ حوثی باغی انتقامی پالیسیوں پرعمل پیرا ہیں اور وہ بنیادی ڈھانچے کو جان بوجھ کر نشانہ بنا رہے ہیں۔خیال رہے کہ حوثیوں کی جانب سے الحدیدہ میں کارخانوں پر یہ گولہ باری ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب دوسری جانب اقوام متحدہ نے یمن میں حکومت اور باغیوں کے درمیان جنگ بندی کی کوششیں شروع کی ہیں۔ اقوام متحدہ کے یمن کے لیے مندوب مارٹن گریفیتھ نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں یمن میں جنگ بندی کے لیے اپنی تجاویز پیش کی ہیں۔ ان تجاویز میں فریقین پر حملے روکنے اور قیدیوں کو رہا کرنے پر زور دیا گیا ہے۔