سرینگر اور دیگر علاقوں میں بھارت مخالف مظاہرے

بھارت طاقت کے بل پر کشمیریوں کی آواز دبانے میں کامیاب نہیں ہوگا،مقررین

ہفتہ 17 نومبر 2018 12:47

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی تحقیقاتی ادارے ’این آئی اے‘ کی طرف سے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کے خلاف نئی دہلی کی ایک عدالت میں ایک من گھڑت فرد جرم عائد کرنے ، سینئر حریت رہنماء مسرت عالم بٹ پرایک بار پھر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے اور غیر قانونی طور پر نظر بندکشمیریوں کی حالت زار کے خلاف وادی کے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنمائوں اور کارکنوں عبدالاحد پرہ، مولوی بشیر احمد عرفانی، محمد یوسف نقاش، بلال احمد صدیقی، سید محمد شفیع، بشیر احمد اندرابی، محمد رفیق گنائی، محمد یٰسین عطائی، امتیاز احمد شاہ، محمد مقبول ماگہامی، ارشد عزیز، شکیل احمد بٹ، محمد شفیع میر، خواجہ فردوس، بشیر احمد بڈگامی، محمد عمران بٹ، مبشر اقبال، شوکت احمد خان، مدثر احمد بٹ، سجاد احمد لون کے علاوہ لوگوںکی ایک بڑی تعداد نے حیدرپورہ سرینگر، آنچار صورہ اور گورپورہ سوزیٹھ میں احتجاجی مظاہرے کیے۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوں نے مظاہرین سے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کشمیریوں کی حق پر مبنی آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی اپنی مکروہ پالیسی پر بدستور رعمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور عام کشمیریوں کو بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات میں تھانوں ، جیلوں اور تفتیشی مراکز میں پہنچایا جاتا ہے ۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ بے گناہ کشمیریوں کے قتل اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا سکے گا۔

انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں خاص طور پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ایشیا واچ سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے انکی رہائی کے لیے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں اور کارکنوں نے بھی بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کے خلاف سرینگر کے بڈشاہ چوک اور لال چوک میں مظاہرے کیے۔

مشترکہ حریت قیادت کی کال پر کیے جانے والے مظاہروں میں جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں نور محمد کلوال ،شوکت احمد بخشی ،شیخ عبدالرشید ، محمد صدیق شاہ ، مشتاق احمد خان ، اشرف بن سلام ، پروفیسر جاوید ، محمد حنیف اور بشیر احمد کشمیری کے علاوہ لال چوک ٹریڈرز ایسوی سیشن کے صدر دین محمد متو ، حریت رہنما جاوید احمد میر اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔ مظاہرین سے شوکت احمد بخشی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے قابض بھارتی فورسز کے مظالم کی شدید مذمت کی۔