سی این این کے صحافی کو وائٹ ہاؤس کا پاس جاری کرنے کاعدالتی حکم

تفصیلی فیصلہ بعدمیں جاری کیاجائیگا، مجموعی طور پر سی این این اور اکوسٹا ہی کامیاب رہیں گے،جج ٹموتھی

ہفتہ 17 نومبر 2018 14:06

سی این این کے صحافی کو وائٹ ہاؤس کا پاس جاری کرنے کاعدالتی حکم
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) امریکا کی عدالت نے نشریاتی ادارے کیبل نیوز نیٹ ورک (سی این این) کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے اس کے وائٹ ہاؤس کے نمائندے جم اکوسٹا کو پریس پاس جاری کرنے کا حکم دے دیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے لیے سی این این کے سینئر نمائندے جم اکوسٹا کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے ان کا پریس پاس منسوخ کردیا تھا۔

سی این این نے امریکی صدر کے اس اقدام پر احتجاج کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وفاقی جج ٹموتھی کیلی نے مقدمے کا باقاعدہ فیصلہ تو نہیں سنایا لیکن سی این این کی درخواست پر جم اکوسٹا کو وائٹ ہاؤس میں داخلے کی اجازت دیتے ہوئے پریس پاس جاری کرنے کا حکم دیا۔جج نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ اس مقدمے میں مجموعی طور پر سی این این اور اکوسٹا ہی کامیاب رہیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی عدالت کے جج نے واضح کیا کہ انہوں نے امریکی قانون کی پہلی ترمیم کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ نہیں سنایا اور اگر وائٹ ہاؤس طے شدہ طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے پریس پاس کو منسوخ کرتا ہے تو وہ ایسا کرنے کا مجاز ہے۔جج ٹموتھی کیلی نے اس کے علاوہ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری سارہ سینڈرز کی جانب سے اکوسٹا پر لگائے گئے الزامات کو غلط قرار دیا، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ سی این این کے صحافی نے وائٹ ہاؤس کی خاتون انٹرن کو غیر مناسب انداز میں ہاتھ لگایا۔عدالت کے باہر سی این این کے صحافی نے مختصر گفتگو کرتے ہوئے اپنے صحافی دوستوں کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب کام پر واپس چلتے ہیں۔