پہلا ٹیسٹ،پاکستان نے4وکٹوں پر144رنز بنالیے

اسد شفیق اور بابر اعظم کریز پر موجود

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 17 نومبر 2018 13:06

پہلا ٹیسٹ،پاکستان نے4وکٹوں پر144رنز بنالیے
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17نومبر2018ء) ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے کھانے کے وقفے پر 4وکٹوں کے نقصان پر 144رنز سکور کرلیے ہیں ۔ پہلے ٹیسٹ میں دوسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو اظہر علی 10 اور حارث سہیل 22 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے محتا ط انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے64رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا سکور91رنز تک پہنچایاجس کے بعد حارث سہیل38رنز بنا کراش سوڈھی کا شکار بن گئے ،اگلے ہی اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے اظہر علی کوبھی 22کے انفرادی سکور پر پوویلین چلتا کیا ،بابر اعظم اور اسد شفیق نے کھانے کے وقفے پر ٹیم کا سکور 144رنز تک پہنچایا ،اسد 25اور بابر24رنز کے ساتھ ناٹ آﺅ ٹ ہیں ۔

اس سے قبل گزشتہ روز ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے گذشتہ روز ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو کہ پاکستانی بولرز نے غلط ثابت کردیا اور کیویز کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز پر آل آﺅٹ ہو گئی۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن 63 رنز بناکر نمایاں رہے تھے، ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی کریز پر زیادہ دیر تک نہ رہ سکا اور وقفے وقفے سے نیوزی لینڈ ٹیم اپنی وکٹیں گنواتی رہی۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جب کہ محمد عباس، حسن علی اور حارث سہیل نے دو، دو اوروکٹیں حاصل کیں۔ بلال آصف 13 اوورز میں 33 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کر سکے۔ پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف آٹھ سال بعد پہلی ٹیسٹ سیریز کی جیت کا انتظار ہے، 2011 ءمیں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے شکست دی تھی اور دونوں ٹیموں کے درمیان چار سال پہلے امارات میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔دونوں ملکوں کے درمیان اب تک 55 ٹیسٹ میچز ہوئے ہیں جن میں سے پاکستان نے 24 اور نیوزی لینڈ نے 10 جیتے جب کہ21 میچ ڈرا رہے۔