عمران اسماعیل گلابی انگریزی پر مذاق بننے کے بعد جذباتی ہو گئے

گورنر سندھ نے بیرسٹر مرتضی وہاب کو کھری کھری سناتے ہوئے انگریزی زبان میں مقابلہ کرنے کا چیلنج کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 17 نومبر 2018 14:33

عمران اسماعیل گلابی انگریزی پر مذاق بننے کے بعد جذباتی ہو گئے
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 نومبر 2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل گلابی انگریزی پر مذاق بننے کے بعد جذباتی ہو گئے۔ گورنر سندھ نے بیرسٹر مرتضی وہاب کو کھری کھری سناتے ہوئے انگریزی زبان میں مقابلہ کرنے کا چیلنج کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے مشیر اطلاعات ، قانون و اینٹیکرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا تھا کہ بہت ہوگیا سو دن پورے ہونے کو ہیں اب وفاقی حکومت مسخرہ پن ختم کرے وفاقی وزراء کایہ حال ہے کہ انہیں پیمرا اور نیپرا کے فرق کا علم نہیں۔

گورنر سندھ کی گلابی انگریزی کی وجہ سے مذاق بن رہا ہے۔عمران اسماعیل نے اس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ مرتضی وہاب اپنے کام سے کام رکھیں۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے مرتضی وہاب کو انگریزی زبان میں مقابلہ کرنے کا چیلنج بھی کر دیا۔

(جاری ہے)

عمران اسماعیل نے کہا کہ اگر ایسی بات ہے تو مرتضیٰ وہاب آئیں اور میرے ساتھ انگریزی زبان میں مقابلہ کریں۔خیال رہے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسیحی برادری کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات کی ہے جس کی سربراہی سسٹر ایرین سٹیفن کر رہی تھیں۔

اس دوران انہوں نے گورنر سندھ کو سکول کی زمین پر کیے جانے والے قبضے سے متعلق بھی آگاہ کیا۔عمران اسماعیل نے مسیحی وفد کو یقین دہانی کروائی کہ سکول کی زمین سے جلد قبضہ چھڑا لیا جائے گا۔
تاہم عمران اسماعیل کے اس ٹویٹ پر خواجہ آصف نے بھی رد عمل دیا اور ان کی ٹویٹ سے انگریزی کی کئی غلطیاں نکال لیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ جو سامنے بیٹھے تھے ان سے ہی انگریزی لکھوا لیتے یا کم از کم سپیلنگ پوچھ لیتے۔

عمران اسماعیل نے ٹویٹ میں delegation کے لفظ کو deligation لکھا جب کی coorperation کو corporation لکھا۔سوشل میڈیا صارفین نے اس پر ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا کچھ صارفین نے کہا جب ایف اے پاس بندے کو گورنر سندھ لگایا جائے گا تو ایسا ہی ہو گا جب کہ کچھ صارفین نے خواجہ آصف پر ہی تنقید شروع کر دی۔ایک صارف نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ صاحب ایمان سے مزا آ گیا یہ ہوئی نا بات کاش آپ اس وقت بھی اسی طرح جاگ رہے ہوتے جب آپ اور آپ کا چور لیڈر پورے ٹبر کے ساتھ ملک کو لوٹ رہا تھا اب بس آپ بیٹھے ٹویٹر پر سپیلنگ کی غلطیاں ہی نکالو گے وقت ہے سمجھاؤ اپنے لیڈر کو لوٹا مال واپس کر دے اور 40 دن جماعت کے ساتھ لگا لے۔