غزہ ،اسرائیل کیخلاف ہونیوالے مظاہروں میں صہیونی فوج کی فائرنگ ،آنسوگیس کی شیلنگ ، 40 فلسطینی زخمی ہوگئے

ہفتہ 17 نومبر 2018 16:23

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) فلسطین کے محصور علاقے غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر گزشتہ روز اسرائیل کیخلاف ہونیوالے مظاہروں میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ سے کم سے کم 40 فلسطینی زخمی ہوگئے۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کی مشرقی سرحد پر جمع ہونیوالے 40 فلسطینی مظاہرین زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ کی مشرقی سرحد پر اسرائیلی فوج کی طرف سے طاقت کے استعمال کی دھمکیوں کے باوجود ہزاروں فلسطینیوں نے مظاہروں میں شرکت کی۔گزشتہ روز غزہ کی پٹی میں مسلسل 34 ویں ہفتے احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ فلسطینی مظاہرین نے مظاہروں کو ’اسرائیل سے تعلقات خیانت‘ کا عنوان دیا ہے ۔ اس موقع پر فلسطینی مظاہرین نے اسرائیل کے ساتھ دوستی کی کوششیں کرنے والے ممالک کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی۔