صوبائی وزیرٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی کا جنرل بس سٹینڈ بادامی باغ کا دورہ

صوبائی حکومت عوام کو با وقار اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے ‘جہانزیب خان کھچی

ہفتہ 17 نومبر 2018 16:44

صوبائی وزیرٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی کا جنرل بس سٹینڈ بادامی باغ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) صوبائی وزیرٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے جنرل بس سٹینڈ بادامی باغ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید بھی ان کے ہمراہ تھیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر کوجنرل بس سٹینڈ کے بارے میں ٖتفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر نے جنرل بس سٹینڈ میں مسافروں کو مہیا کی جانے والی سہولتوں اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ کے نظام کاتفصیلی جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر جہانزیب خان کھچی نے اپنے دورے کے دوران ڈرائیور حضرات اور ٹرانسپورٹرز سے درپیش مشکلات دریافت کیں اور ان کے تحفظات دور کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے مسافروں کیلئے پینے کے صاف پانی،بیٹھنے کے موزوں انتظام اور کلین ٹوائلٹ سسٹم کو بھی یقینی بنانے کی ہدایات کیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر جہانزیب خان کھچی نے جنرل بس سٹینڈ میں صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے،ڈینگی لاروا کے تدارک کیلئے تسلسل کے ساتھ اقدامات جاری رکھنے اورمسافروں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے جنرل بس سٹینڈ بادامی باغ کی تزین و آرائش کی بھی ہدایات دیں۔انہوں نے جنرل بس سٹینڈ میں کمپیوٹرائزڈ پرچی سسٹم کے اجراء، تمام سٹریٹ لائٹس اور سی سی ٹی وی کیمروں کو فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت عوام کو با وقار اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بس سٹینڈ کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے اور پنجاب حکومت عوام کو دی جانے والی سفری سہولتوں کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔