ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ، دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈین ٹیم فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی، ہاولے میتھیوز کی ففٹی اور 3 وکٹیں میچ کی بہترین کھلاڑی قرار

شربسول کی شاندار ہیٹرک، انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا

ہفتہ 17 نومبر 2018 16:00

کنگسٹن۔17 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈین ٹیم فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی، ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو ہرایا، ہاولے میتھیوز نے عمدہ آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، انہوں نے 68 رنز کی اننگز کھیلی اور 3 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، میتھیوز میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں، آنیا شربسول کی شاندار ہیٹرک کی بدولت انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔

ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کے سلسلے میں کھیلے گئے ایک میچ میں ویسٹ انڈین ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 187 رنز بنائے، ہاولے میتھیوز نے 68 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور ٹاپ سکورر رہیں، دیندرا ڈوٹن 49 اور کپتان سٹیفنی ٹیلر 41 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں کھلاڑی رہیں، جواب میں سری لنکن ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 18ویں اوور میں 104 رنز پر ڈھیر ہو گئی، کپتان چماری اتاپتو کے سوا سری لنکا کی کوئی بھی کھلاڑی ویسٹ انڈین بائولرز کا مقابلہ نہ کر سکی، اتاپتو 44 رنز بنا کر نمایاں رہیں، ہاولے میتھیوز نے 3 وکٹیں لیں۔

(جاری ہے)

ایک اور میچ میں انگلینڈ ویمن نے جنوبی افریقہ ویمن کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، جنوبی افریقن ویمن ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے آخری اوور میں صرف 85 رنز پر ڈھیر ہو گئی، صرف 3 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کر سکیں، ٹرائون 27، میگن دو پریز 16 اور لیزل لی 12 رنز بنا سکیں، شربسول نے شاندار ہیٹرک کی، نتالی سکیور نے 3 اور گورڈن نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں انگلینڈ ویمن نے مطلوبہ ہدف 15ویں اوور میں 3 وکٹوں پر پورا کیا، ڈینلی وائٹ 27، ٹیمیا بیومائونٹ 24 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں، کپتان ہیتھرنائٹ اور ایمی جونز نے 14، 14 ناقابل شکست رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ نائیکرک نے 2 وکٹیں لیں۔