کشمیر کو مکمل طور پر ایک پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے ، محمدیاسین ملک

کشمیریوں کو جن بدترین مظالم سے گزارا جارہا ہے وہ عالمی برادری کیلئے چشم کشا ہے،عالمی برادری ،انسانی حقوق ادارے کشمیری نظر بندوں کی حالت زار کا نوٹس لیکر رہائی کیلئے کردار ادار کریں، چیئرمین جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ

ہفتہ 17 نومبر 2018 16:49

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے مقبوضہ وادی کشمیر خاص طور پر جنوبی، شمالی اور وسطی اضلاع میں جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کو جن بدترین مظالم سے گزارا جارہا ہے وہ عالمی برادری کیلئے چشم کشا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جمہوریت کے بلند و بانگ دعوے اور نہتے عوام پر ظلم و جبر ایک ساتھ نہیں چل سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ جموں کشمیرکو مکمل طور پر ایک پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں معصوم انسانوں کا خون بہانا اور سیاسی قائدین و اراکین کو آئے روز گرفتار کرنا بھارتی فورسز کے لئے معمول کا کام بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے شہروگام میں خانہ تلاشیوں ، جبرو تشدد، لوگوں کی مار پیٹ، گھروں کی توڑپھوڑ اورعزت داروں کی تذلیل، بے گناہوں کو حراست میں لینا،ان پر بار بار کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے ان کی اسیری کو طول دینا روز کا کام بن چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ قتل و غارت اور ظلم و جبر جہاں بھارتی ریاستی جبر کا ایک اور ثبوت ہے وہیں پر یہ بھارتی حکمرانوں کی ایک سوچی سمجھی سازش بھی ہے جس کے تحت وہ کشمیریوں کو مذید تکلیف اور درد میں مبتلا کرنا چاہتے ہیں تاکہ انہیں ڈرا دھمکا کر تحریک آزادی سے دستبردار کر سکیں ۔ محمد یاسین مل نے کہا کہ محاصروں کے دوران عام شہر یوں کی مارپیٹ ،عمرو جنس کا لحاظ کئے بغیر لوگوں کو تشدد اور تذلیل کا نشانہ بنانا، عام لوگوں کے گھروں ،دکانوں اور دیگر املاک کو نذر آتش کرنا سرکاری دہشت گردی نہیں تو اور کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کررکھا ہے لہذا بھارت کے حکمرانوں کو یہ بات یاد رکھنی چاہے کہ جموں کشمیر کے لوگوں کو سرینڈر پر مجبور کرنا ان کے لئے ممکن تھاہے اور نہ ہی ہوگا کیونکہ ظلم و جبر سے قوموں کی تحریک آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ظلم و جبر اور قتل و غارت گری کے ان واقعات سے کشمیریوں کے عزائم اور بھی جوان ہو رہے ہیں۔

محمدیاسین ملک نے جیلو ں میں نظر بند کشمیریوں پر مظالم کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لبریشن فرنٹ کے نذیر احمد شیخ ، سراج الدین میر، ظہور احمد بٹ،عبدالرشید مغلو، اسداللہ شیخ ، علیل غلام نبی کشمیری اوردیگر سینکڑوں کشمیریوں کی نظر بندی کو اوچھے ہتھکنڈوے سے طول دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروںپر زور دیا کہ وہ کشمیری نظر بندوں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے انکی رہائی کے لیے کردار ادار کریں۔