پشاور :ضلعی انتظامیہ نے زمینوں کے انتقالات کی بائیو میٹرک تصدیق کا آغاز کر دیا

ہفتہ 17 نومبر 2018 18:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2018ء) ضلعی انتظامیہ نے زمینوں کے انتقالات کی بائیو میٹرک تصدیق کا آغاز کر دیا ہے۔ اس حوالے سے پشاور کے ضلع کونسل ہال میں ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر پشاور ڈویژن شہاب علی شاہ سمیت ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ، ڈسٹرکٹ نائب ناظم سید قاسم علی شاہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان ،اسسٹنٹ کمشنر سارہ رحمان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نصیر خان، ٹائون ون ناظم زاہد ندیم، ٹائون ٹو ناظم فرید اللہ خان، ڈیٹا بیس منیجر شہاب خان، تحصیلدار پشاورمجاہد خان ، نائب تحصیلداران، گرداوران، پٹواریان اور عوامی نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے تقریب میں بائیو میٹرک تصدیق سسٹم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پشاور میں زمینوں کے انتقالات میں بائیو میٹرک تصدیق کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس سافٹ وئیر میں بائیو میٹرک تصدیق کے ساتھ ساتھ خریدار، فروخت کنندہ اور گواہان کے انگوٹھوں کے ساتھ ساتھ ان کی تصاویراور انتقال کی کاپی کو بھی محفوظ کیا جا رہا ہے جس سے بوگس انتقال کے خاتمے میں مدد ملے گی اور بعد میں اپنے انگوٹھے اور تصویر سے کوئی انکار نہیں کر سکے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ جلسہ عام و دوروں کو بھی فیز بک پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔جس کے تمام دوروں کا ریکارڈ محفوظ رہے گا اور دنیا کے کسی بھی کونے سے دورے کو براہ راست دیکھا جا سکے گااور عوام کی سہولت کے لیے دوروں کی لسٹ فیز بک پیج پر اپلوڈ ہونگی جس سے ان کو دوروں کے بارے میں معلومات مل سکیں گی۔اس موقع پر کمشنر پشاور اور دیگر شرکاء نے کہا کہ بائیو میٹرک تصدیق سسٹم سے عوام کو بہت فائدہ حاصل ہو گا اور اس سے فراڈ اور کرپشن کا خاتمہ کیا جا سکے گا۔