کوہاٹ پولیس کی کارروائی ، چوری کی واردات میں ملوث ملزم مال مسروقہ سمیت گرفتار

ہفتہ 17 نومبر 2018 18:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2018ء) کوہاٹ پولیس نے چوری کی واردات میں ملوث ملزم کو مال مسروقہ سمیت گرفتار کرلیا ہے ۔پولیس نے سائنسی خطوط پر تفتیش کے دوران موبائل فون کے ذریعے ملزم تک رسائی حاصل کرکے لوٹی ہوئی لاکھوں روپے کی نقدی اور طلائی زیورات برآمد کرلئے ۔ملزم نے درے وال بانڈہ میں شادی کے گھر آئی مہمان خاتون سے طلائی زیورات،موبائل فون سیٹ اور نقد رقم چوری کرلی تھی۔

زیر حراست ملزم کے خلاف تھانہ محمد ریاض شہید میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ابتدائی تفتیش میں ملزم کے انکشافات پر شریک جرم انکی والدہ کو بھی مقدمے میں نامزد کردیا گیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید انسپکٹر آصف شریف نے چوری کی واردات ناکام بنانے کے حوالے سے پولیس کاروائی کے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کچھ روز قبل درے وال بانڈہ میں شادی کے گھر آئی ایک مہمان خاتون سے طلائی زیورات ،موبائل فون سیٹ اور نقد رقم چوری کرلی گئی جسکی ابتدائی اطلاعی رپورٹ درج کرتے ہوئے ملز چوکی انچارج سب انسپکٹر محمد عمران اور ہیڈ کانسٹیبل محمد سلیمان نے جدید ٹیکنالوجی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے سائنسی خطوط پر واقعے کی تفتیش شروع کردی تو خاتون سے چوری شدہ موبائل فون کی آئی ای ایم آئی کوڈ کے ذریعے چوری میں ملوث ملزمان کا سراغ لگالیا گیا اور ایک کامیاب کاروائی کے دوران چوری کے مرتکب ایک نوجوان عادل زمان ولد شیر زمان کو درے وال بانڈہ میںواقع اسکے گھر سے گرفتار کرلیاگیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے گرفتار ملزم کو تھانہ محمدریاض شہید منتقل کردیا جہاں ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے چوری کی واردات کا اعتراف جرم کرتے ہوئے اپنی والدہ مسماة زاہدہ بی بی کو بھی چوری کی اس واردات میں شریک ہونے کا انکشاف کیا جس پر پولیس نے شریک جرم انکی والدہ کو بھی مقدمے میں نامزد کردیا جسکی گرفتاری درپیش ہے ۔ایس ایچ او آصف شریف نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے زیر حراست ملزم کی نشاندہی پرمال مسروقہ مجموعی طور پر ڈھائی لاکھ روپے کی نقدی جسمیں چوری شدہ زیورات فروخت کرنے کے عوض حاصل ہونیوالی رقم بھی شامل ہے برآمد کرلی ہے جبکہ مسروقہ موبائل فون سیٹ جوکہ ملزم نے کوہاٹ شہر میں موبائل فون ڈیلرپر فروخت کردیا تھا بھی برآمد کرکے قبضے میں لے لیا ہے۔

ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ زیر حراست ملزم کا عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے جسکے مزید پوچھ گچھ کیلئے تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملزم کے خلاف تمام تر قانونی کاروائی مکمل کرلی گئی جسے بعد ازاں جیل منتقل کر دیا جائے گا۔