پاکستان کرکٹ کلب کے سی سی اے زون سکس، دائود خان میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا

ہفتہ 17 نومبر 2018 19:16

پاکستان کرکٹ کلب کے سی سی اے زون سکس، دائود خان میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) پاکستان کرکٹ کلب نے ناردرن جیم خانہ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر کے سی سی اے زون سکس دائود خان میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا جہاں پاکستان کرکٹ کلب کا مقابلہ عالمگیر جیم خانہ سے ہو گا۔ پاکستان کرکٹ کلب کے عدنان کلیم اور محمد سلمان کی تین تین وکٹوں، اکبر الرحمن کے ناقابل شکست 45 رنز نے اپنی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ناردرن جیم خانہ کے ندیم جاوید اور فہد اقبال کی نصف سنچریاں رائیگاں۔ تفصیلات کے مطابق ٹی ایم سی گرائونڈ پر کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں ناردرن جیم خانہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 164 رنز 33.5 اوورز میں بنا کر آوٹ ہو گئی۔ ندیم جاوید 8 چوکوں 4 چھکوں کی مدد سے 78 رنز، فہد اقبال کے 51 رنز میں 4 چوکے شامل تھے۔

(جاری ہے)

ان دونوں اوپنرز کے مابین 128 رنز کی شراکت رہی، اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی لیفٹ آرم اسپنرز محمد سلمان اور عدنان کلیم کی تباہ کن بائولنگ کے سامنے دہرا ہندسہ حاصل نہ کر سکا۔

محمد سلمان اور عدنان کلیم نے تین تین وکٹیں، دانش عزیز نے دو وکٹیں، محمد رضوان خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ مطلوبہ اسکور پاکستان کرکٹ کلب نے 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ رمیز راجہ 39، علی اسد 27، اکبر الرحمن نے 45 رنز ناٹ آوٹ پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائے۔ عثمان خان 21، شہر یار غنی نے 20 رنز بنائے۔ ایس ایم ظفر، صہیب خان اور شہباز رحیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔