سائنس و ٹیکنالوجی پر دسترس حاصل کئے بنا ترقی یافتہ معاشروں کا مقابلہ کرنا ممکن نہیں ہے

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب

ہفتہ 17 نومبر 2018 19:16

سائنس و ٹیکنالوجی پر دسترس حاصل کئے بنا ترقی یافتہ معاشروں کا مقابلہ ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ موجودہ صدی میں سائنس و ٹیکنالوجی پر دسترس حاصل کئے بنا ترقی یافتہ معاشروں کا مقابلہ کرنا کسی بھی صورت ممکن نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ تحقیق و جدت کے نئے تقاضوں سے طلباء کو ہم آہنگ کیا جائے۔ ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں دوسرے جلسہ تقسم اسناد کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ تہذیب یافتہ معاشروں کے قیام کے لئے علم وفنون کی جستجو لازمی جز ہے، ترقی کا واحد راستہ علم ہے جس کے ذریعے ہماری قوم ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہو سکتی ہے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ آج کے نوجوان باصلاحیت ہیں، ملک کو ترقی کی بلندیوں پر لے جانے کے لئے جوش و جذبہ کے ساتھ ایمانداری کو بھی اپنا شیوہ بنانا پڑے گا تاکہ عالمی افق پر من حیث القوم ہمارا کردار و تشخص دوسروں کے لئے مثال بن سکے۔ بعد ازاں گورنرسندھ نے طلباء میں اسناد تقسیم کیں۔ جلسہ تقسیم اسناد میں مجموعی طور پر ایجوکیشن، کمپیوٹر اور میڈیا سائنس سمیت پانچ شعبوں کے 271 طلباء کو اسناد جاری کی گئیں۔