صوبہ ننگرہار میں افغان سپیشل فورسز کا آپریشن کلین اپ کے دوران 30طالبان جنگجوؤں کوہلاک کرنے کا دعویٰ

صوبہ بدغیس میں طالبان نے ایک چیک پوسٹ پر حملہ کرکے پانچ پولیس افسروں و اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اٴْتادیا

ہفتہ 17 نومبر 2018 20:07

کوہاٹ/کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) افغان صوبہ ننگرہار میں افغان سپیشل فورسز نے آپریشن کلین اپ کے دوران 30طالبان جنگجوؤں کوہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے جبکہ صوبہ بدغیس میں طالبان نے ایک چیک پوسٹ پر حملہ کرکے پانچ پولیس افسروں و اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اٴْتادیا۔افغان ذرائع ابلاغ نے صوبائی ترجمان عطاء اللہ خوگیانی کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ شب صوبہ ننگرہار کے ضلع خوگیانی کے علاقہ زاوی میں افغان سپیشل فورسز نے انٹیلی جنس کی مدد سے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کلین اپ کیا جس کے دوران 30 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔

ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دہشت گرد تنظیم کے کئی کمانڈر بھی شامل ہیں۔ ادھرطالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان جنگجوؤں نے اس آپریشن میں 16افغان فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ صرف تین طالبان جاں بحق ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی ترجمان کے مطابق افغان فورسزنے عسکریت پسندوں کے پانچ ٹھکانے تباہ کرکے بڑی تعدادمیں اسلحہ بھی قبضہ میں لے لیا ہے۔

دریں اثناء امریکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبہ بدغیس کے ضلع قدیس میں ہفتہ کے روز طالبان نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کردیا جس کے بعد دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹہ تک جاری رہا۔ صوبائی کونسل کے سربراہ عبدالعزیز بیگ کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ اس حملہ میں افغان پولیس کے پانچ افسراور اہلکار ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔ بیگ کے مطابق حملہ میں طالبان کو بھی نقصان اٴْٹھانا پڑاہے لیکن اٴْنہوں نے تفصیل نہیں بتائی۔