وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ماہ ربیع الاول کوسرکاری طور پرمنانے کافیصلہ احسن اقدام ہے، اعجاز احمد چوہدری

ہفتہ نومبر 20:18

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ماہ ربیع الاول کوسرکاری طور پرمنانے کافیصلہ ..
لاہور۔17 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 نومبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ماہ ربیع الاول کوسرکاری طور پرمنانے کافیصلہ احسن اقدام ہے ، رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم کانفرنس کاافتتاح وزیراعظم کریں گے ,رسالت مآبؐ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس کے بغیر کسی مسلمان کا ایمان کامل اور مکمل نہیں ہو سکتا، 12ربیع اول کا بابرکت مہینہ ہمیں رسالت مآبؐ کی تعلمیات پر عمل کر نے کا درس دیتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ رسالت مآبؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ان تمام خرافات کا خاتمہ کر سکتے ہیں،عشق مصطفیٰؐ دنیا اور آخرت میں ہماری کامیابی اور نجات کا ذریعہ ہے، ربیع الاؤل امت کیلئے خوشیوں کے ساتھ اخوت، محبت اور اتحاد کا درس دیتا ہے، حب رسولؐ کا ہی مرکز اتحاد اور امن کی بنیاد ہے تمام مسلمان امن اور محبت کا راستہ اپنائیں حب رسولؐ کا تقاضا ہے ہم اپنی صفوں میں انتشار اور نفرت نہ پیدا ہونے دیں۔

(جاری ہے)

محب رسولؐ ہمارا اثاثہ اور ایمان ہے ناموس رسالتؐ کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے کہ ہمیں سیر ت طیبہ کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر اپنانے کی ضرورت ہے جسے اپنا کر ہم معاشرے کو اندھیروں کو بقعہ نور میں بدل سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ نے دنیا و آخر ت میں کامیابی چاہتے ہیں تو آپ نبیؐ کے بتائے ہوئے راستوں پر چل کر ہی حاصل کر سکتے ہیں،عقید ہ ختم نبوتؐ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ، ختم نبوتؐ ہمارے ایمان کا حصہ ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ اصحابہ اکرام نے ہمیں درست راستہ دکھایا ، ہم کس طرح حضورؐ سے محبت کر کے دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں ، حرمت رسول ؐ اور شان رسولؐ کی آن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔