اداروں کی مضبوطی اور عوام کی بالادستی جمہوریت کی بنیاد ہے، چوہدری محمد سرور

شفافیت و بلاامتیاز احتساب ہی گڈگورننس کی رُوح ہے، یہ حقیقت پوری دنیا میں عیاں ہے کہ عالمی امن اور خطے کی سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی فوج اور دیگرقومی اداروں نے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں، گورنر پنجاب ہم خطے میں پر امن ماحول کے سب سے بڑے داعی ہیں، اپنے ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر خوشگوار تعلقات بھی رکھنا چاہتے ہیں،سی پیک ملکی ترقی کے ساتھ ساتھ خطے کی خوشحالی کے لیے سود مند ثابت ہو گا،سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب

ہفتہ 17 نومبر 2018 20:36

اداروں کی مضبوطی اور عوام کی بالادستی جمہوریت کی بنیاد ہے، چوہدری محمد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اداروں کی مضبوطی اور عوام کی بالادستی جمہوریت کی بنیاد ہے جبکہ شفافیت و بلاامتیاز احتساب ہی گڈگورننس کی رُوح ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے زیر اہتمام20 ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ حقیقت پوری دنیا میں عیاں ہے کہ عالمی امن اور خطے کی سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی فوج اور دیگرقومی اداروں نے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں ، افسوس اس امر کا ہے کہ عالمی برادری نے پاکستان کی قربانیوں کو وہ پذیرائی نہیں دی جس کا وہ حق رکھتا ہے ۔ انہو ںنے کہاکہ ہم خطے میں پر امن ماحول کے سب سے بڑے داعی ہیں اور اپنے ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر خوشگوار تعلقات بھی رکھنا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک ملکی ترقی کے ساتھ ساتھ خطے کی خوشحالی کے لیے سود مند ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سی پیک کے ثمرات سے فائدہ اٹھانا ہو گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ون ونڈو سسٹم شر وع کیا گیا جہاں پر سرمایہ کاروں کو ایک چھت تلے تمام سہولیات دستیاب ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے جی ایس ٹی پلس کا درجہ ملنے کا فائدہ نہیں اٹھا یا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے پنجاب میں گیس کی قیمتیں دوسرے صوبوں کے برابر کی گئی ہیں جس سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو فروغ حاصل ہو گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی انڈسٹری کو مضبوط کرنے کے لیے سمگلنگ کو روکنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے کہ پاکستا ن کی بنی ہوئی اشیاء کو ترجیح دیں ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ جب تک ملک میں انصاف کا نظام نہیں ہو گا ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میرٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور-" رائٹ پرسن فار رائٹ جاب" کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میںنے بطور چانسلر اعلان کیا ہے کہ وائس چانسلر ، ڈینز اور دیگر پوسٹوں پر تعیناتی سفارش پر نہیں کی جا ئے گی۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب کی تمام یونیورسٹیوں کو سولر پر منتقل کیا جائے گا- گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں پانی کے ذخیرہ کے لیے ڈیمز بنانا ہو ں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے لانگ ٹرم فیصلے کرنا ہو ں گا۔اس موقع پر وفد کے سر براہ میجر جنرل سمریز سالک نے ادارے کے اغرا ض و مقاصد اور یونیورسٹی میں ورکشاپ کے شرکاء کے تربیتی مراحل کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی ۔ گورنر پنجاب کو ادارے کی طرف سے شیلڈبھی پیش کی گئی۔