کراچی،صدر اور اس کے اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن کی رپورٹ کے ایم سی نے کمشنر کراچی کو بھجوادی گئی

ہفتہ 17 نومبر 2018 20:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2018ء) کراچی کے علاقے صدر اور اس کے اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن کی رپورٹ کے ایم سی نے کمشنر کراچی کو بھجوادی جس کے مطابق آپریشن کے دوران 2500 دکانیں گرائی گئیں۔کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے انسداد تجاوزات سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد رپورٹ تیار کرلی جو 5 سے 15 نومبر تک کیے گئے گرینڈ آپریشن کی ہے۔

کے ایم سی نے رپورٹ کمشنر کراچی کو ارسال کردی، رپورٹ کے ساتھ آپریشن کے بعد کی تصاویر بھی پیش کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ایمپریس مارکیٹ اور داؤد پوتہ روڈ پر غیر قانونی 2500 دکانیں گرائی گئیں، ایمپریس مارکیٹ کی بحالی کیلئے 6 آرسی سی بیسمنٹ اور2 منزلہ عمارت بھی مسمار کی گئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ سہراب خٹک روڈ پر 480 غیر قانونی دکانیں مسمار کی گئی ہیں، سرمد شہید روڈ پر150 تجاوزات، شارع عراق پر450 ٹھیلے ہٹائے گئے جب کہ اکبر روڈ اور ملحقہ علاقے میں 7500 سن شیڈز توڑے گئے۔

رپورٹ کے مطابق زیب النساء اسٹریٹ، میگزین لائن، عبداللہ ہارون روڈ، راجہ غضنفر علی روڈ اور میر کرم علی تالپرروڈ پر بھی تجاوزات مسمار کیں گئیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ شہر کے دیگر6 اضلاع میں بھی عملہ تجاوزات کیخلاف کارروائی میں مصروف ہے۔