اسلامک لائرز موومنٹ کراچی کے زیر اہتمام ’’تحفظ ناموس رسالتؐ ‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد

ختم نبوت اور ناموس رسالت سے متعلق قوانین کے مکمل تحفظ کا عزم

ہفتہ 17 نومبر 2018 21:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2018ء) اسلامک لائرز موومنٹ کراچی (ILM)کے زیر اہتمام سندھ ہائی کورٹ بار کانفرنس روم میں ’’تحفظ ناموس رسالتؐ ‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سیف الدین ایڈوکیٹ نے کی ۔اجلاس میں اسلامک لائرز موومنٹ کراچی کے صدر محمد شاہد ایڈوکیٹ ، جنرل سکریٹری نجم الحسن ایڈوکیٹ ، امیدوار برائے مینیجنگ کمیٹی ہائی کورٹ بار عبد الصمد خان ایڈوکیٹ ، شعاع النبی ایڈوکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے ۔

اجلاس میں ختم نبوت اور ناموس رسالت سے متعلق قوانین کے مکمل تحفظ کا عزم کیا گیااور یہ طے کیا گیا کہ ختم نبوتؐ اور ناموس رسالت سے متعلق قوانین کے حوالے سے عدالتوں میں بھرپور جدوجہد کی جائے گی اوربین الاقوامی سطح پر اس سلسلے میں قانون سازی اور اقوام متحدہ میں کنونشن کی کوششیں کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ7 دسمبر کو کراچی میں ایک جیورسٹ کانفرنس کا انعقاد ہوگا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

سیف الدین ایڈوکیٹ نے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت ؐہمارے عقیدہ اور ایمان کا حصہ ہے اس قانون پر کسی بھی صورت میں سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔وکلاء برادری عقیدہ ختم نبوت سے متعلق قوانین کے تحفظ کے حوالے سے عدالتوں میں بھرپور تحریک چلائیں تاکہ کوئی قوانین میں ترمیم کی جرات بھی نہ کرسکے ۔سیف الدین ایڈوکیٹ نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ آسیہ کیس میں نظر ثانی کی درخواست کی مکمل سماعت کرے،لارجر بنچ بنایا جائے اور کیس میں علماء اسلامی نظریاتی کونسل اور فیڈرل شریعت کورٹ سے مدد لی جائے۔#