Live Updates

ملک میں احتساب کا عمل بلا امتیاز جاری رہے گا،مرادسعید

وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو تمام معاشی، داخلی اور خارجی چیلنجوں سے نکالنے میں جلد کامیاب ہونگے،وزیرمملکت برائے مواصلات عوام کی خدمت اور ان کا معیار زندگی بہتر بنانا ہمارا بنیادی مقصد ہے، سوات کے علاقے گوالیرئی میں عوامی اجتماع سے خطاب

ہفتہ 17 نومبر 2018 21:36

ملک میں احتساب کا عمل بلا امتیاز جاری رہے گا،مرادسعید
پشاور۔17 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ چاہے کوئی خوش ہو یا ناراض مگر ملک میں احتساب کا عمل بلا امتیاز جاری رہے گا اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت کوواپس لایا جائیگا چاہے وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں چھپائی گئی ہو، موجودہ حکو مت نے ہر وزارت اور ہر سطح پر شاہ خرچیوں پر پابندی لگا دی ہے اور اب عوام کا پیسہ صرف عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگا، انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو تمام معاشی، داخلی اور خارجی چیلنجوں سے نکالنے میں جلد کامیاب ہونگے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ سوات کے دریائوں اور چشمو ں سے پیدا ہونے والی بجلی صرف سوات میں استعمال ہوگی جس پر وفاقی حکومت بھی رضا مند ہوچکی ہے اسلئے آئندہ سوات میں لوڈشیڈنگ قصہ پارینہ بن جائے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوں نے تحصیل مٹہ سوات کے دور افتادہ علاقے گوالیرئی کے مقام پر بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس سے صوبائی وزیر زراعت محب اللہ خان اور پاکستان تحریک انصاف کے دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا اور وفاقی و صوبائی حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی پر روشنی ڈالی مراد سعید نے کہا کہ سوات میں ان کے حلقہ NA-4اوروزیر زراعت حلقہ PK-8کے لوگوں نے نہ صرف تبدیلی بلکہ انقلاب کے حق میں ووٹ دیا ہے اور پاکستان تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ دیکر پوری قوم پر واضح کر دیا ہے کہ سوات کے عوام کرپٹ حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں اور ایک شفاف نظام کے متمنی ہیں اور ہماری حکومت ان کی تمام توقعات کی تکمیل یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جب انہیں وزارت مواصلات دی گئی تو پوچھا گیا کہ انہیں کونسی نئی گاڑی دی جائے مگر میں نے واضح کیا کہ ہم گاڑیوں اور مراعات کیلئے حکومت میں نہیں آئے بلکہ عوام کی دن رات خدمت اور ان کا معیار زندگی بہتر بنانا ہمارا بنیادی مقصد ہے یہی وجہ کہ انہوں نے صرف انکی وزارت کیلئے مقرر 219گاڑیوں کو فوری نیلام کرنے کا حکم جاری کیا کیونکہ صرف ایک وزیر کیلئے اتنی شاہ خرچیاں غریب قوم کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے اور سادگی و کفایت شعاری کا یہ اصول تمام مرکزی اور صوبائی حکومتوں پر لا گو کردیا گیا ہے مراد سعید نے سپاسنامہ میں پیش کردہ مسائل اور مطالبات کے جواب میں علاقے کیلئے مواصلات ،بجلی ،آبنو شی اور صحت و تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں متعدد ترقیاتی سکیموں کا اعلان کیا اور یقین دلایا کہ نہ صرف ان ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا بلکہ پورے سوات میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات