سپریم کورٹ کا کراچی سرکلر ریلوے اور ٹرام لائن کو بحال کرنے کا حکم

سیاحتی مقاصد کیلئے صدر سے اولڈ سٹی ایریا تک ٹرام چلائی جائے، سپریم کورٹ

ہفتہ 17 نومبر 2018 22:17

سپریم کورٹ کا کراچی سرکلر ریلوے اور ٹرام لائن کو بحال کرنے کا حکم
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) سپریم کورٹ نے کراچی سرکلر ریلوے اور ٹرام لائن کو فوری بحال کرنے کا حکم دے دیاہے، عدالت نے ریلوے لائن کو قبضہ مافیا سے کلیئر کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ہفتہ کوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں عدالت نے حکم دیا کہ کراچی بھر میں قبضہ کی گئی ریلوے کی زمینوں کو واگزار کروا کر کراچی سرکلر ریلوے کو فوری بحال کیا جائے۔

جس پر ڈی ایس ریلوے نے بتایا کہ بیشتر علاقوں میں ریلوے کی زمینوں پر قبضہ ہے، عدالت نے ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے تمام علاقوں سے ریلوے لائن کلیئر کرانے کی ہدایت جاری کی۔اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے ٹرام لائن کی بحالی کا بھی حکم دیتے ہوئے کہا کہ سیاحتی مقاصد کیلئے صدر سے اولڈ سٹی ایریا تک ٹرام چلائی جائے، کے ایم سی اور ضلعی انتظامیہ کی مدد سے بوگیاں تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ذرائع نے بتایاکہ مقامی انتظامیہ ریلوے کی مدد سے سرکلر ریلوے کے روٹ کا تعین کرے گی۔ سپریم کورٹ نے تجاوزات کیخلاف آپریشن پورے شہرمیں تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح حکم دیا کہ اب کراچی میں کوئی تجاوزات نظر نہ آئے۔ایف ٹی سی پل کے نیچے تعمیر کی گئی دکانیں مسمار اس کے علاوہ شارع فیصل اورراشد منہاس روڈ پر ہر طرح کی تجاوزات ختم کی جائیں، عدالت نے تمام کنٹونمنٹ بورڈز اور ڈی ایچ اے کو بھی تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیا۔