بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ نئی دنیا کیلئے دورازے کھول رہا ہے، سی پیک اس کا پرچم بردار منصوبہ ہے ،ْمشاہد حسین سید

دہشت گردی اور انتہاپسندی کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے ،ْ لیگی سینیٹر پرویز رشید کا خطاب سی پیک کو منفی پروپیگنڈا سے محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے ،ْپاکستانی سفیر مسعود خالد

ہفتہ 17 نومبر 2018 22:25

بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ نئی دنیا کیلئے دورازے کھول رہا ہے، سی پیک اس کا ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) سینٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ نئی دنیا کیلئے دورازے کھول رہا ہے، سی پیک اس کا پرچم بردار منصوبہ ہے۔ چائنا اکنامک نیٹ (سی ای این)اور پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ (پی سی آئی) نے چینی سفارت خانہ اسلام آباد کے تعاون سے چوتھے سی پیک میڈیا فورم کا انعقاد کیا جو گزشتہ روز بیجنگ میں ختم ہوگیا ۔

اس فورم کا مقصد چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) کے بارے میں حقیقی معلومات کو منظر عام پر لانا تھا اور منفی پروپیگنڈا کا مقابلہ کرنے کیلئے چین اور پاکستان کی مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔ پی سی آئی اور سینٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کی قیادت میں بارہ رکنی وفد نے فورم میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پی سی آئی اور سینٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے چین کے پرامن عروج کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے عالمی معیشت اور سیاسی طاقت مغرب سے مشرق کی طرف منتقل ہوگئی ہے۔

چین کا پرامن عروج اور حیران کن ترقی ترقی پذیر ممالک کیلئے ایک اہم تحریک ہے۔ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ نئی دنیا کیلئے دورازے کھول رہا ہے جبکہ سی پیک اس کا پرچم بردار منصوبہ ہے۔ گوادر پورٹ سی پیک کا مرکزی شاہکارہے جو اب ایک فعال بندرگاہ بن چکی ہے نہ صرف پاکستان کیلئے بلکہ اور پورے خطے کیلئے کھلی ہے۔ اس سے پاکستان کی اقتصادی شرح ترقی میں اضافہ ہوگا اور وہ 5.8فیصد تک پہنچ جائیگی جبکہ اس کے مغربی روٹ کے ذریعے 8گھنٹے کے زمینی سفر سے گوادر کو کوئٹہ سے ملادیا گیا ہے۔

پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پا لیا گیا ہے اور سی پیک کے ذریعے تقریباً 10ہزارمیگاواٹ اضافے بجلی نیشنل گریڈ میں شامل کرلی گئی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اب ہم پی سی آئی اور سی ای این کے درمیان ایک تیز ترین اطلاعاتی میکنیزم تشکیل دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ سابق وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سی پیک کی ترقی کیلئے ایک پرامن ماحول پید ا کیا جاسکے۔

سابق ایم این اے ڈاکٹر شیزرامنصب علی کھرل نے سی پیک میں خواتین کے کردار پر بات کی۔ انہوں نے تھر میں خواتین کی ملازمت اور ترقی پر زور دیا جہاں عورتیں ایک ٹرک ڈرائیور کی طرح کام کرتی ہیں۔ افتتاحی اجلاس کے اختتام پر اعزاز عطاء کرنے کی تقریب منعقد ہوئی ۔ جس میں پاکستان اور کینیڈا پر مشتمل جیوری کے فرائض سرانجام دیئے۔ جیتنے والوں کوچین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے سی پیک بارے بہترین رپورٹنگ کرنے پر سی پیک کمیونیکیشن گولڈن اینکرز ایوارڈ عطاء کیے ۔

فورم سے پی سی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مصطفی حیدر سید نے بھی خطاب کیا اور انہوں نے کہا کہ سی پیک میڈیا فورم پاک چین میڈیا تعاون کی ایک شاندار مثال ہے۔ فورم میں پرنٹ ، الیکٹرانک ، ڈیجیٹل میڈیا، حکومت اور چینی کیمونیسٹ پارٹی کے حکام ، ارکان اسمبلی اور طلبہ شریک ہوئے۔ سی پیک میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران چار بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں دونوں ممالک نے سی پیک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیاہے ۔

فریقین جاری سی پیک منصوبوں کو مکمل کرنے پر متفق ہیں تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ لوگوں کی فلاح و بہبود میں اضافہ ہو اور ملک میں صنعتی ترقی کو فروغ حاصل ہو۔ دونوں ممالک نے مستقبل میں سی پیک کے اگلے مرحلے کی تعمیر کو فروغ دینے پر بھی رضا مندی ظاہر کی جس کا فیصلہ آئندہ ماہ سی پیک بارے مشترکہ را بطہ کمیٹی کے بیجنگ اجلاس میں کیا جائے گا۔

دونوں ممالک نے پولیٹکل ورکنگ گروپ کے علاوہ سماجی ، اقتصادی ترقی ورکنگ گروپ بھی تشکیل دینے پر رضامندی ظاہر کی۔ پاکستان سفیر نے ذرائع ابلاغ کی طرف سے سی پیک کے بارے میں درست اطلاعات پیش کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں دونوں ممالک کے ذرائع ابلاغ کے درمیان زیادہ سے زیادہ رابطہ ہونا چاہیے۔ ہمیں منفی پروپیگنڈا کرنے والوں سے بی آر آئی اور سی پیک کو محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔