نیب لاہور میں انسداد بدعنوانی کے موضوع پرطلباء و طالبات کے مابین مقابلہ مصوری کا انعقاد

ہفتہ 17 نومبر 2018 22:39

نیب لاہور میں انسداد بدعنوانی کے موضوع پرطلباء و طالبات کے مابین مقابلہ ..
لاہور۔17 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور میں انسداد بدعنوانی کے موضوع پر پنجاب کے 21اضلاع سے مختلف سکول، کالجز اور یونیورسٹی کی سطح پر کامیاب طلباء و طالبات کے مابین مصوری کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء کی کثیر تعداد نے بھرپور شرکت کی تاہم اس موقع پر طلباء نے اپنی مصوری اور فن پاروں کی مدد سے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے حوالے سے پیغام دیا۔

طلباء و طالبات کے درمیان ہونیوالے اس مقابلے کی نگرانی نیب لاہور کے ڈائریکٹر سید محمد حسنین نے کی جبکہ صدارت کے فرائض پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ڈیزائننگ کے لیکچرار کوثر اقبال، نیشنل کالج آف آرٹس کی لیکچرار حنا افضل اور پنجاب یونیورسٹی کے لیکچراراسرار چشتی نے کی۔

(جاری ہے)

مقابلے میںفاتح قرار دیئے گئے طلباء کی تفصیلات کے مطابق پرائمری سیکشن سے اویس تیموری پہلی، پنجاب سکول سے طیبہ قاسم کی دوسری اور احمد رضا نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ سیکنڈری سطح کے طلباء میں پنجاب سکول سے شاہ میر نے پہلی ایم سی فیصل آباد سے طلحہ دائود نے دوسری جبکہ گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول میانی سے حسنہ سحر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کالج ، یونیورسٹی سطح کے طلباء و طالبات میں پنجاب یونیورسٹی کی طالبہ سدرہ عابد نے پہلی، پی سی بی کے عبیداللہ اعوان نے دوسری تاہم پاکستان انسٹی ٹیوٹ آ ف فیشن ڈیزائننگ کے طالبعلم سید محمد حسن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔نیب لاہور آگاہی و تدارک ونگ کی جانب سے عالمی یوم انسداد بدعنوانی کے حوالے سے نومبر کے آغاز سے مختلف مقابلہ جات کا آغاز کیا جا چکا ہے جن میں تقریری، شاعری، ڈرامہ، موسیقی اور مضمون نویسی کے مقابلے شامل ہیں۔

نیب لاہور حکام کی جانب سے 9دسمبر انسداد بدعنوانی کے عالمی یوم کے طور پر تمام فاتح طلبہ و طالبات کو کیش پرائز اور تعریفی اسناد سے نوازا جائیگا۔آخر میںصدارت کے فرائض انجام دینے والی جیوری ممبران کا کہنا تھا کہ طلباء کے مابین انسداد بدعنوانی کے موضوع پر ایسی کاوشوں سے یہ حوصلہ پیدا ہوتا ہے کہ ہماری نئی نسل کرپشن و بدعنوانی کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہونے کیلئے تیار ہو رہی ہے اور انکے معصوم ذہن بدعنوانی کی لعنت کے خلاف پختگی کی عظیم مثال قائم کرنے جارہے ہیں۔ مستقبل میں ملک کی باگ دوڑ نئی نسل نے سنبھالنی ہے جبکہ جیوری ممبران نے نیب لاہور کی نئی نسل کو کرپشن کے خلاف تربیت اورآگاہی و تدارک کے عنوان پر اقدامات کو بھرپور انداز میں سراہا ۔