Live Updates

میرا کیس عدالت میں ہے ،جو بھی فیصلہ ہوگا قبول کروں گا

وزیراعظم کے مشیر برائے اوور سیز پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری کا سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 17 نومبر 2018 22:50

لاہور۔17 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) وزیراعظم کے مشیر برائے اوور سیز پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے یو ٹرن کی بہت بڑی بات کی ہے، ایک لیڈر ہی یو ٹرن کی بات کرسکتا ہے، اگر کوئی شخص اپنی بات پر اڑا رہے ، اسے ضدی کہتے ہیں،قومی مفاد میں فیصلے واپس لینے میں کوئی حرج نہیں‘ میرا کیس عدالت میں ہے ، جو بھی فیصلہ ہوگا وہ قبول کروں گا ۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے مقامی ہوٹل میں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کرپشن ختم ہواور پانچ سالوں میں آپ کو فلاحی ریاست دیں۔ہم ایک وائٹ پیپر تیار کر رہے ہیں جس میں بتائینگے کہ ماضی میں کتنی کرپشن ہوئی ہے ہماری ساری ٹیم کرپشن کے خلاف کچھ کرنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے اورسیزپاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جو قابل تحسین ہے ، سید ذوالفقار عباس بخاری نے کہا کہ ہم ایک نئی ایپ بنا رہے ہیں جس میں بیرون ملک پاکستانی ملازمتوں کے لیے اپنی درخواستیں دے سکیں گے جبکہ اوورسیز کی شکایات کے ازالے کے لیے الگ سے ایک ایپ بنا رہے ہیں۔زلفی بخاری نے کہا کہ بیس ارب ڈالر جو بیرون ملک سے آتے ہیں کوشش کر رہے ہیں کہ یہ باقاعدہ چینل سے آئیں، نان بینکنگ والا سلسلہ بند کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی فنڈ میں دس فیصد اضافہ کر رہے ہیں، ایک ماہ کے اندر ہم ای او بی آئی کی ماضی کی کرپشن سامنے لائیں گے، ہماری کوشش ہے کہ مزدور کی کم سے کم اجرت پندرہ ہزار پر عملدرآمد ہو۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی وزارت کو پیپر لیس کرنے جا رہے ہیں اور ای سسٹم کو لاگو کیا جا رہا ہے تاکہ کام بھی جلدی ہو اور احتساب بھی صاف شفاف ہو۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد اپنی ویب سائٹ کو بھی اپ گریڈ کر رہے ہیں ۔زلفی بخاری نے کہا کہ وہ اپنے نحکمہ میں بائیومیٹرک سسٹم لیکر آئے ہیں جس سے اب ہمارے پاس اعداد و شمار آنا شروع ہو جائیںگے کہ کتنے لوگ ملک سے باہر جا رہے ہیں اور کتنے آرہے ہیں جبکہ ان کے اہلخانہ کے افراد کی تعداد اور باقی معلومات بھی حاصل ہونگیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات