کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے سلسلے میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت شہر کی 10منتخب یونین کونسلز کو صفائی ستھرائی کے حوالے سے ماڈل بنایا جارہاہے

ہفتہ 17 نومبر 2018 23:16

فیصل آباد۔17 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی ہدایت پر کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے سلسلے میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت شہر کی 10منتخب یونین کونسلز کو صفائی ستھرائی کے حوالے سے ماڈل بنایا جارہا ہے اور یہ اہم ٹاسک 24نومبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔منتخب یونین کونسلز میں صفائی آپریشن پر عملدرآمد کاجائزہ لینے کے لئے اجلاس ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر کی ہدایت پر ڈی سی آفس میں منعقد ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل کمشنر ہیڈ کوارٹرز قیصر عباس رند نے کی۔

اجلاس میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی شیخ خرم شہزاد،شکیل شاہد،فردوس رائے بھی موجود تھیں جبکہ ایم ڈی فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرنل عماد گل،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ چوہدری عبدالحمید،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،سینئر مینجر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اعجاز بندیشہ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سکولز ایجوکیشن سردار ساجد،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز امداد اللہ چوہدری کے علاوہ سوشل ویلفیئر،میونسپل کمیٹیز کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے منتخب یونین کونسلز 30,29,28,22,21,20,3,2,1اور157میں جاری صفائی آپریشن پر بریفنگ دی اور بتایا کہ ان یونین کونسلز میں 218سینٹری ورکرز صفائی آپریشن پر معمور ہیں جبکہ 58وہیکلز،54کنٹینرز اوردیگرمشینری بھی بروئے کار لائی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مانیٹرنگ کاکڑا نظام وضع کیا گیا ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ حکومت پنجاب کے ڈیش بورڈ پر اب لوڈ بھی کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عوامی آگاہی مہم پر بھی عملدرآمد جاری ہے جس کے تحت سکولوں میں سیشنز،گھر گھر جا کر پمفلٹس کی تقسیم،واکس،سیمیناراوردیگر پروگرامزمنعقد کئے جارہے ہیں۔انہوں نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ مقررہ تاریخ تک 10منتخب یونین کونسلز کو صفائی کے حوالے سے ماڈل بنادیا جائے گاجبکہ شہر بھر میں صفائی کی مہم معمول کے مطابق جاری ہے۔

صدراجلاس نے کہا کہ منتخب یونین کونسلز میں زیروویسٹ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اوربقیہ ایام میں بھی سو فیصد نتائج کے لئے کمیونٹی کی شمولیت کویقینی بنائیں۔انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سے کہا کہ یونین کونسلز کی سطح پر سیکرٹریز کو مزید متحرک کیا جائے اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اسسٹنٹ مینجرز سے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے صفائی آپریشن کی مکمل مانیٹرنگ ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طالب علموں کے لئے صفائی ستھرائی کے حوالے سے خصوصی لیکچرز کا بھی بندوبست کریں۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب کی تاریخ ساز مہم سے مثبت تبدیلی کے واضح نتائج حاصل ہورہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ منتخب یونین کونسلز میں صفائی آپریشن کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے اس سلسلے میں شہریوں کی آگاہی کے لئے بھی اقدامات جاری رہنے چاہیں۔انہوں نے یونین کونسلز کو ماڈل بنانے کے حوالے سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔