کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کا حکم، شہر بھر سے تجاوزات ختم کی جائیں، جسٹس گلزار احمد

اتوار نومبر 00:20

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 نومبر2018ء) سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزار احمد نے حکم دیا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کو فوری بحال کیا جائے اور کراچی بھر میں ریلویز کی زمینوں کو واگذار کرانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ یہ احکامات انہوں نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہفتہ کے روز ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیئے۔ اجلاس میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلویز نے بتایا کہ بیشتر علاقوں میں ریلویز کی زمینوں پر قبضہ اور تجاوزات قائم ہیں۔

جسٹس گلزار احمد نے ہدایت دی کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے ریلوے ٹریک کو کلیئر کیا جائے۔ اجلاس میں ٹرام لائن کی بحالی کا بھی فیصلہ کیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ سیاحتی مقاصد کے لئے صدر سے اولڈ سٹی ایریا تک ٹرام چلائی جائے۔ اس حوالے سے کے ایم سی اور ضلعی انتظامیہ کی مدد سے بوگیاں تیار کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ مقامی انتظامیہ مجوزہ ٹرام سروس منصوبے کے روٹ کا تعین بھی کرے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی گئی، اس سلسلے میں ایف ٹی سی پل کے نیچے تعمیر کی گئی دکانیں مسمار کرنے، شارع فیصل اور راشد منہاس روڈ پر قائم تجاوزات کے فوری خاتمے کے لئے اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی۔ علاوہ ازیں اجلاس میں کہا گیا کہ تمام کنٹونمنٹ بورڈز اور ڈی ایچ اے بھی تجاوزات کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کریں۔