سلمان خان کی فلم’’ بھارت‘‘ ریلیز سے پہلے ہی تنازعات کا شکار ہوگئی

فلم میںواہگہ بارڈر کے مناظر کی عکسبندی کیلئے عمارتوں پر پاکستانی پرچم لہرایا گیا جس پر ہندو انتہا پسندوں نے ہنگامہ کھڑا کر دیا

اتوار 18 نومبر 2018 12:00

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2018ء) بالی ووڈ اسٹار سلمان کی فلم’’ بھارت‘‘ ریلیز سے پہلے ہی تنازعات کا شکار ہوگئی، ہندو انتہا پسندوں نے فلم کے سیٹ پر پاکستانی پرچم لہرانے پر ہنگامہ کھڑا کردیا۔سلمان خان ان دنوں اپنی نئی آنے والی فلم ’بھارت‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں کترینہ کیف اٴْن کے مدمقابل جلوہ گر ہوں گی۔

فلم کی شوٹنگ بھارتی پنجاب کے شہر لدھیانہ میں جاری ہے، جہاں ’واہگہ بارڈر‘ کی نقل تعمیر کی گئی ہے۔فلم میں ’واہگہ بارڈر‘ کے مناظر کی عکس بندی کیلئے عمارتوں پر پاکستان کا پرچم لہرایا گیا جس پر ہندو انتہا پسندوں نے ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ہندو انتہا پسند تنظیموں نے ’بھارت‘ میں پاکستانی پرچم لہرانے پر ناصرف فلم کے سیٹ کو توڑنے کی دھمکی دی اور سلمان خان کے ہوٹل کا گھیرائو کرلیا بلکہ مقدمے کے اندراج کیلئے پولیس اسٹیشن میں درخواست بھی دے دی ہے۔

(جاری ہے)

انتہاپسندوں کا کہنا ہے کہ بھارتی سرزمین پر کیسے کوئی پاکستان کا پرچم لہرا کرسکتا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے احتجاج کے باوجود شوٹنگ جاری رکھی، اسی دوران وہ زخمی ہوگئے جس کے بعد علاج کے لئے ممبئی چلے گئے۔علی عباس ظفر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’بھارت‘ میں سلمان خان اور کترینہ کیف کے علاوہ ڈیشا پٹانی، سنیل گروور اور جیکی شروف بھی جلوہ گر ہوں گے۔