سینکڑوں تعلیمی ادار وں کے تین لاکھ طلباء کو چھت مہیاکرنا ہماری اولین ترجیح ہے‘سیکرٹری سیرا

ایراء کی جانب سے رواں مالی سال میں 155منصوبوں کی تکمیل کیلئے 02ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے‘سردار محمد فاروق تبسم

اتوار 18 نومبر 2018 12:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2018ء) سردارمحمدفاروق تبسم سیکرٹری سیرا نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں جاری تعمیر نو پروگرام سے وابستہ افسران کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایراء کی جانب سے رواں مالی سال میں 155منصوبوں کی تکمیل کیلئے 02ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ، جس سے مقرر کئے گئے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے سیرا کی ٹیم اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے ، سیکرٹری سیرا نے کہا کہ زلزلہ قدرتی آفت نے سب سے زیادہ جانی ومالی نقصان تعلیم کے شعبہ میں کیا ہے ،سینکڑوں تعلیمی ادار وں کے تین لاکھ طلباء کو چھت مہیاکرنا ہماری اولین ترجیح ہے ،اسے اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ہمیں اپنے فرائض منصبی سے بڑھ کر معصوم بچوں کی مشکلات کو مدنظررکھ کر کام کرنے کی ضرورت ہے ،اجلاس میںچیف انجینئر سیرا چوہدری محمداسلم ،ڈائریکٹر پلاننگ سیرا عابد غنی میر، مظفرآباد ،باغ اور راولاکوٹ کے ڈسٹرکٹ ری کنسٹرکشن یونٹس کے پروگرام منیجرز محمدطاہر خان ،ایم اینڈ ای آفیسر مختاراحمد قریشی ، ایکسئین عامر نذیرچوہدری سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ،اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے سیکرٹری سیرا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیسپاک کے حکام سے کہاکہ وہ تعمیرنو پروگرام کے تحت زیر تعمیر منصوبوں پرکام کی رفتار اورمعیار کی موثر مانیٹرنگ کرتے ہوئے اس بات کویقینی بنائیں کہ تعمیراتی میٹریل اورتعمیرات معیاری اورزلزلہ مزاحم ہوں ،منصوبوں پر کام کرنے والے ٹھیکیداروں اورتعمیراتی کمپنیوں کے بلات پر ضابطہ کی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے نیسپاک متعلقہ ڈی آریوز کو بلات جلد از جلد بھیجے تاکہ ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں بروقت ممکن ہوسکیں ،سیکرٹری سیرا نے کہاکہ تینوں ڈی آر یوز کے ذمہ داران موسم سرما کے دوران بالائی علاقوں میں برف باری اور خر اب موسم کومدنظر رکھتے ہوئے ایسی حکمت عملی اپنائیں جس سے تعمیراتی کام میں رکاوٹ نہ ہو اور رواں مالی سال کے منصوبوں کی تکمیل اپنے وقت پر ممکن ہوسکے ۔