مسلم لیگ کی نام نہاد پنچایتی انتخابات سے پہلے بھارتی مظالم اوربلاجواز گرفتاریوں کی شدید مذمت

ظالمانہ ہتھکنڈوںسے کشمیریوں کے حوصلوں کو توڑا جاسکتا اور نہ جدوجہد سے دستبردار کرایاجاسکتا ہے

اتوار 18 نومبر 2018 13:00

سرینگر ۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میںمسلم لیگ جموںو کشمیر نے نام نہاد پنچایتی انتخابات سے پہلے بھارتی پولیس کی طرف سے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور بلاجواز گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کشمیریوں کی مبنی برحق جدوجہد کو دبانے کے مذموم ہتھکنڈے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ گرفتاریاں، دھونس و دباؤ اور جیل خانے کسی مسئلے کا حل نہیں اور نہ ان حربوں سے کسی قوم کی خواہشات کو زیادہ دیر تک دبایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طاقت کی بنیاد پر کشمیر میں قبرستان کی خاموشی قائم کرنے سے بھارت کو کچھ حاصل نہیں ہوگا بلکہ ان انسانیت سوز اقدامات سے کشمیریوں کی مبنی بر حق جدوجہدمزید مضبوط ہوگی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ نام نہادپنچایتی انتخابات کا ڈرامہ رچانے کے لیے پورے کشمیر کو بھارت فوج اور پولیس کے حوالے کیا گیاہے اور علاقے کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر کے عوام کا جینا دوبھرکردیاگیاہے جبکہ تھانے اور جیل خانے بے گناہوں سے بھر دیے گئے ہیں جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ کشمیری عوام ہمیشہ سے بھارت کے انتخابی ڈرامے کو مسترد کرتی آئی ہے۔

دریں اثناء مسلم لیگ کے ترجمان نے بھارتی پولیس کی طرف سے بشیر احمد بڈگامی، محمد یوسف بٹ ، امتیاز حیدر اور دیگر حریت پسندوں کو گرفتار کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتقامی کاررائی قراردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان ہتھکنڈوںسے کشمیریوں کے حوصلوں کو توڑا نہیں جاسکتا اور نہ انہیں اپنے مبنی برحق موقف سے دستبردار کرایاجاسکتا ہے۔