پہلا ٹیسٹ،پاکستانی باﺅلرز ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے

حسن علی نے تین کیوی بلے باز پوویلین بھیج دیئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 18 نومبر 2018 13:07

پہلا ٹیسٹ،پاکستانی باﺅلرز ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18نومبر2018ء) تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے کے تیسرے روز کھانے کے وقفے پر نیوزی لینڈ نے 4وکٹوں کے نقصان پر134 رنز بنالیے ہیں ۔کیویز ٹیم نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 56 رنز ایک کھلاڑی آﺅٹ سے دوبارہ کیا تو کپتان کین ولیمسن 27 اور جیت راول 26 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔دونوں بلے باز محتاط انداز اپناتے ہوئے سکور کو آگے بڑھاتے رہے تاہم 86 کے مجموعے پر ولیمسن یاسر شاہ کا شکار بن گئے، وہ 37 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔

اوپننگ بلے باز جیت راول اور روس ٹیلر نے بیٹنگ لائن کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن ٹیلر کی اننگز 19 رنز تک ہی محدود رہی جنہیں حسن علی نے ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کیا۔پاکستانی باﺅلروں کے خلاف مزاحمت کرنے والے جیت راول بھی 46 رنز پر ہمت ہار گئے،وکٹ کیپر بی جے واٹلنگ اور ہنری نکولس نے کھانے کے وقفے تک ٹیم کا سکور134رنز تک پہنچایا،واٹلنگ15اور ہنر ی نکولس13رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ ہیں، فاسٹ باﺅلر حسن علی نے شاندارباﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 شکار کیے جب کہ یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے بعد قومی ٹیم بھی اپنی پہلی اننگز میں 227 رنز بناسکی تھی اور کیویز کے خلاف 74رنز کی مجموعی برتری حاصل کی تھی ۔پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف آٹھ سال بعد پہلی ٹیسٹ سیریز کی جیت کا انتظار ہے، 2011 ءمیں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے شکست دی تھی اور دونوں ٹیموں کے درمیان چار سال پہلے امارات میں ہونےوالی ٹیسٹ سیریز1-1سے برابر رہی تھی۔دونوں ملکوں کے درمیان اب تک 55 ٹیسٹ میچز ہوئے ہیں جن میں سے پاکستان نے 24 اور نیوزی لینڈ نے 10 جیتے جب کہ21 میچ ڈرا رہے۔

متعلقہ عنوان :