شمالی کوریا میں انسانی حقوق کی صورتحال بہتر نہیں ہوئی ، اقوام متحدہ

جنرل اسمبلی کی انسانی حقوق کمیٹی کی شمالی کوریا کی جانب سے منظم طریقے سے لوگوں کو اغواپر بھی تنقید

اتوار 18 نومبر 2018 13:20

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2018ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی انسانی حقوق کمیٹی نے شمالی کوریا میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تنقیدی قرارداد منظور کرتے ہوئے مغوی غیر ملکیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیاہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قرارداد میں شمالی کوریا میں نقل و حرکت اور اظہار رائے کی آزادی نہ ہونے پر تنقید کی گئی اور یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ انسانی حقوق کی صورتحال میں بہتری بھی بظاہر نظر نہیں آ رہی۔

(جاری ہے)

شمالی کوریا کی جانب سے منظم طریقے سے لوگوں کو اغوا کرنے کے عمل پر بھی تنقید کی گئی ہے۔ جاپان کا موقف رہا ہے کہ شمالی کوریائی کارندوں نے 70 اور 80 کی دہائی میں 17 جاپانی شہریوں کو اغوا کیا تھا۔اقوام متحدہ میں جاپانی سفیر کورو بیشو نے کہا کہ کئی سال قبل اغوا ہونے والے افراد اور ان کے اہل خانہ کو پہنچنے والے انتہائی دکھ اور اذیت کے پیش نظر وہ اس معاملے کی فوری نوعیت پر زور دینا چاہتے ہیں۔اغوا کیے جانے والے تمام افراد کی جلد واپسی کا مطالبہ کرتے ہیں۔