غیر ملکی خریداروں کا بھارت کے مقابلے میں پاکستانی مصنوعات کے معیارکو پذیرائی دینا حوصلہ افزاء ہے ‘ کارپٹ ایسوسی ایشن

حکومت دیہاتوں میں روزگار کی فراہمی کیلئے ایسوسی ایشن کی تجاویز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے ‘ گروپ لیڈر عبد الطیف ملک کی زیر صدارت اجلاس

اتوار 18 نومبر 2018 14:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2018ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں منعقدہ نمائشوں میں شرکت کرنیوالے غیر ملکی خریداروں کی جانب سے پاکستانی کارپٹ کی مصنوعات کے معیارکو پذیرائی دینا انتہائی حوصلہ افزاء ہے ، حکومت دیہاتوں میں روزگار کی فراہمی کیلئے ایسوسی ایشن کی تجاویز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے ۔

ان خیالات کا اظہار گروپ لیڈر عبد الطیف ملک نے انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کارپٹ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین سعید خان ، سینئر ممبر ریاض احمد ،اعجاز الرحمن ، اکبر ملک اور دیگر بھی موجود تھے۔ عبد الطیف ملک نے کہا کہ معیشت کی حقیقی ترقی کیلئے ایکسپورٹ میں اضافہ نا گزیر ہے اس لئے حکومت سازگار ماحول فراہم کرے ۔

(جاری ہے)

انڈسٹری کو درپیش مسائل کو دور کر کے انہیں سہولیات دی جائیں تاکہ دوسرے ممالک کا مقابلہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ بھارت کی جانب سے گزشتہ ماہ پاکستان میں منعقدہ کارپٹ کی عالمی نمائش کو سبوتاژ کرنے کیلئے بے پناہ کوششیں کی گئیں لیکن اس کے باوجود پاکستان اور بھارت میں منعقدہ نمائشوں میں شرکت کرنے والے غیر ملکی خریداروں نے پاکستانی کارپٹ کی مصنوعات کے معیار کو سراہا ہے جو ہمارے لئے انتہائی حوصلہ افزاء ہے ۔ اس موقع پر انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور شرکاء نے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :