پی آئی اے کا مسقط روٹ پر ایک سال کی بندش کے بعد آپریشن کا دوبارہ آغاز

اتوار 18 نومبر 2018 15:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی ای) نے مسقط روٹ پر ایک سال کی بندش کے بعد پی کے 229 کے ذریعے 141 مسافروں کو لاہور سے عمان روانہ کر کے آپریشن کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان مشہور تاجور نے اتوار کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ مسقط کے لیے پروازوںکی بحالی کا فیصلہ اس روٹ پر بڑھتے ٹریفک کے بہائو کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ڈسٹرکٹ منیجر پی آئی اے عمر نواز گورائیہ نے لاہور ایئرپورٹ پر مسافروں کو الوداع کیا۔ قومی ایئر لائن ہفتے میں دو مرتبہ (ہفتہ اور اتوار کے روز) پروازیں چلائے گی۔ پی آئی اے کی ان پروازوں کو متعارف کرانے کے ساتھ پشاور، تربت اور گوادر سے بھی پروازوں کا آغاز ہو جائے گا اور کل 9 پروازیں عمان جایا کریں گی۔

(جاری ہے)

مشہود تاجور نے بتایا کہ پی آئی اے نے منگل اور جمعہ کے لیے سیالکوٹ سے شارجہ ہفتہ میں دو پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا آغاز 20 نومبر سے ہو گا اس کے بعد تربت سے تین پروازیں شامل ہوں گی جس سے مجموعی پروازوں کی تعداد پانچ ہو جائے گی۔

ترجمان نے کہا کہ کاروباری نیٹ ورک کا براہ راست فیصلہ پی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے کیا ہے جنہوں نے کمرشل ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ کاروباری وسعت کے فروغ کی پالیسی پرعمل کرتے ہوئے ایئر لائن کی مارکیٹ تک رسائی اور محصولات میں اضافہ کیا جائے۔ ایئر مارشل ارشد ملک نے ایک بیان میں کہا کہ قومی ایئر لائن مسافروں کو سہولت کی فراہمی کے ذریعے اپنے تابناک مقام کو حاصل کر لے گی۔لاہور سے بیرون ملک مزید فلائٹ آپریشنز کے آغاز کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔