Live Updates

وزارت ریلوے کا ریلوے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مختلف کیڈرز کے 8 ہزار 600 ملازمین کی بھرتی کا فیصلہ

ادارے کوہنگامی بنیادوں پر 11 ہزار ملازمین کی ضرورت ،اب تک 2 ہزار کی ہائرنگ کی ہے،ریلوے ذرائع

اتوار 18 نومبر 2018 15:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) پاکستان ریلوے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے وزارت ریلوے نے مختلف کیڈرز کے 8 ہزار 600 ملازمین کی بھرتی کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت ریلوے کے ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ ریلوے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر 11 ہزار ملازمین کی ضرورت ہے، ریلوے نے اب تک 2 ہزار کی ہائرنگ کی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے 8 ہزار 600 ملازمین کی بھرتی کے لیے سمری کی منظوری دے دی ہے جن پر بھرتیوں کا عمل جلد شروع ہو گا۔ ذرائع کے مطابق اپنے متعلقہ اضلاع میں نوکریاں ڈھونڈنے والے نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی اور تمام بھرتیاں شفاف انداز میں ہوں گی۔ ایسے امیدوار جنہوں نے پہلے درخواستیں دی ہیں انہیں نئے اشتہار کے مطابق درخواست دینی ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے ریٹائر ہونے والے ملازمین کے کنٹریکٹ ایک سال کے اندر ختم کیے جائیں گے۔وزیراعظم پیکج کے تحت ریلوے میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کو مستقل کرنے کی سمری منظوری کے لیے بھیج دی جائے گی۔انھوں نے بتایا کہ حکومت نے وزارت ریلوے کو 2031 ملازمین کی بھرتی کی اجازت پہلے سے دے رکھی ہے۔ وزارت 2031 تکنیکی نوعیت کی پوسٹوں کی بھرتی کے لیے کام کر رہی ہے، یہ آسامیاں گریڈ 1 سے گریڈ 11 تک کی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات