حضرت محمدؐ کی زندگی پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے‘خالد ندیم مغل

دین اسلام کی تعلیمات ہمیں امن،محبت ا ور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں‘تقریب سے خطاب

اتوار 18 نومبر 2018 15:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2018ء)مسیحا ویلفیئر آرگنائزیشن کے سیکرٹری انفارمیشن خالد ندیم مغل نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے آخری رسول حضرت محمد ؐ کی زندگی کا ایک ایک لمحہ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دُنیا بھر کے انسانوں کیلئے مشعل راہ ہے، انسانیت کو گمراہی کے اندھیروں سے نکالنے اور عالمی امن کے قیام کیلئے نبی آخر الزمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کو اللہ تعالیٰ نے تمام انسانوں کیلئے بہترین نمونہ قرار دیاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ربیع الاول کا پیغام یہ ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو اللہ اور رسول ؐکے احکامات کے تابع بنائیں اور کوشش کریں کہ کسی انسان کو ہمارے ہاتھ اور زبان سے تکلیف نہ پہنچے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اسلام محبت و اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتاہے، ایک دوسرے کی عزت اور جان و مال کی حفاظت سب پر لازم ہے اگر اسلام کے اصولوں کے مطابق زندگی گزاری جائے تو پوری دُنیا امن وسلامتی کا گہوارہ بن سکتی ہے۔

مسیحا ویلفیئر آرگنائزیشن کے سیکرٹری انفارمیشن خالد ندیم مغل نے کہا کہ حضرت محمد ؐ کی تعلیمات ہمیں امن،محبت ا ور بھائی چارے کا درس دیتی ہیںاس لیے ہمیں ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے تمام مسلک و مذاہب کے ما ننے والوں کا خیال رکھنا چاہیے، چند لوگ اپنے مفاد کی خاطر مسلک و مذاہب کے درمیان نفرت اور تفریق پیدا کررہے ہیں،ہمیں اپنے اتحاد اور سرکار دو جہاںؐکی تعلیمات کے مطابق ایسے لوگوں کے عزائم خاک میں ملانا ہوں گے۔