کشمیر کونسل کے فنڈز میرٹ پر تقسیم کئے گئے ہیں ، ایک پائی بھی اپنے ذاتی اخراجات یا من پسند افراد کو نہیں دی ، ثابت کردیں تو سیاست چھوڑ دونگا‘میر یونس

اتوار 18 نومبر 2018 15:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2018ء) آزادکشمیر کے سینئر رہنما و ممبر کشمیر کونسل میر یونس نے کہا کہ کشمیر کونسل کے فنڈز میرٹ پر تقسیم کئے گئے ہیں ، ایک پائی بھی اپنے ذاتی اخراجات یا من پسند افراد کو نہیں دی ، ثابت کردیں تو سیاست چھوڑ دونگا ،آزادکشمیر بھر سمیت مظفرآباد کے مختلف علاقوں میں اسکیمیں دی گئی ہیں جن کا مقصد پانی ،سڑکیں اور قبر ستانوں کی تعمیر شامل ہے ،میر محمد یونس نے کہا کہ آزادکشمیر میں کشمیر کونسل کے فندز میں تاخیر جس کے زمہ دار کشمیر کونسل کے ممبر نہیں ہیں بلکہ حکومت کی جانب سے تاخیر کی گئی ہے جبکہ کشمیر کونسل کی جانب سے دی جانے والی اسکیمیں میرٹ اور تحقیقات کے بعد عوام کو دی گئی ہیں ،اِن اسکیموں کے باعث مختلف علاقوں میں جہاں عوام کو پانی کی مشکلات کا سامنا تھا وہاں واٹر سپلائی کی اسکیمیں دی گئی ہیں وہاں سڑکیں ،قبرستانوں کے گرد دیواریں بھی تعمیر کرنے کیلئے فنڈز دیے گئے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ میں نے صرف فنڈز اپنے آبائی حلقے کو نہیں دیے بلکہ میرپور ،بھمبر،کوٹلی سمیت دیگر اضلاع میں بھی اسکیمیں دی ہیں ،اُنہوں نے کہا کہ اگر میری جانب سے دی جانے والی اسکیمیں اپنے من پسند افراد کو دیے جانے کا انکشاف ہوا تو سیاست چھوڑ دونگا ، حکومت آزادکشمیر کی جانب سے اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کی سخت پالیسی کے باعث ایک پائی بھی ناجائز خرچ نہیں ہوئی ،اُنہوں نے کہا کہ ابھی بھی کچھ فنڈز ممبران کے رکے ہوئے ہیں ،کشمیر کونسل کی ایک ایک پائی بھی عوام کی فلاح بہبود کیلئے خرچ ہونگے اورعوام پر خرچ کئے جائینگے اُنہوں نے کہا کہ میرا مشن ہے کہ آزادکشمیر سمیت مظفرآباد کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی جس میں پانی اور سڑکیں ہیں ،پائے تکمیل تک پہنچا سکوںانہوں نے کہا کہ اقتدار ایک دن کا ہو یا پھر پانچ سال کا انشاء اللہ عوام کو مایوس نہیں کرونگا اور آئندہ بھی آزادکشمیر کی عوام کیلئے کام کرتا رہوں گا۔

متعلقہ عنوان :