شوپیاں اور پلوامہ کے اضلاع میں دونوجوانوں کی شہادت پر مکمل ہڑتال

نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت،آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا

اتوار 18 نومبر 2018 15:30

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں دو نوجوانوں کی شہادت پر آج جنوبی کشمیر کے اضلاع شوپیاں اور پلوامہ میں مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے آج صبح ضلع شوپیاں کے علاقے ریبن میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران نوازاحمد وگے اور یاور احمد وانی کو شہید کردیا تھا۔

دونوں اضلاع میں تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہے۔

(جاری ہے)

نواز احمد کا تعلق شوپیاں کے علاقے ریبن زینہ پورہ سے جبکہ یاور احمد ضلع پلوامہ کے علاقے بٹھنور لیتر کا رہائشی تھا۔دریں اثناء پلوامہ اور شوپیاں میں شہید نوجوانوں کے آبائی علاقوں میںہزاروں لوگوں نے ان کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ شہیدنوجوانوں کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں لائی گئیں تو ملحقہ علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ جوق در جوق نماز جنازہ میں شرکت کے لیے پہنچے۔ لوگوں کی بڑی تعداد میں آمدکے باعث شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ کئی مرتبہ ادا کی گئی، بعد میں انہیں آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعروں کی گونج میں سپرد خاک کردیاگیا۔