گلگت ،ْ دو جماعتیں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے گالم گلوچ کی سیاست کر رہی ہیں ،ْ بلاول بھٹو زر داری

پیپلز پارٹی ہی گلگت بلتستان کو جمہوری اور معاشی حقوق دلانے کے حوالے سے موثر اور سنجیدہ اقدامات اٹھائے گی ،ْ ضلعی تنظیموں سے ملاقات میں بات چیت

اتوار 18 نومبر 2018 15:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کے اقتدار پر موجود سیاسی جماعت اور سابقہ حکمران جماعت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے گالم گلوچ کی سیاست کررہی ہیں ،ْپیپلز پارٹی ہی گلگت بلتستان کو جمہوری اور معاشی حقوق دلانے کے حوالے سے موثر اور سنجیدہ اقدامات اٹھائے گی۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے ضلعی تنظیموں سے ملاقات کے دوران کہا کہ ان کی پارٹی ہی گلگت بلتستان کو جمہوری اور معاشی حقوق دلانے کے حوالے سے موثر اور سنجیدہ اقدامات اٹھائے گی۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور گلگت بلتستان کا مضبوط رشتہ ہے جب بھی پیپلز پارٹی وفاق میں برسرِ اقتدار آئی ہے، گلگت بلتستان کیلئے آئینی اور انتظامی اصلاحات کیں ہیں خاص کر سابق صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کو انتظامی صوبہ بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مقامی ہوٹل میں استور، اسکردو، شگر، گانچھے اور کھرمنگ کی ضلعی تنظیموں سے ملاقات کے دوران کہا کہ پیپلز پارٹی کو اب موقع ملا تو یہاں کے نوجوانوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید بہتر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں جاؤں گا اور یہاں کے مسائل کو ایوان تک بہتر انداز میں پہنچا کر بھرپور طریقے سے آواز اٹھاؤں گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کا خطہ بہت ہی خوبصوت ہے اور یہ خطہ پاکستان کیلئے جغرافیائی اعتبار سے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ گلگت بلتستان کے اکثر لوگ سندھ میں رہائش پذیر ہیں ان کے مسائل کو حل کرنے سمیت تعلیمی اداروں میں گلگت بلتستان کے زیر تعلیم طلبہ کے کوٹے میں اضافے کے حوالے سے وزیر اعلی سندھ کو ہدایات دوں گا اور وہ جلد اس پر عملدرآمد کرائیں گے۔

پی پی پی کے چیئرمین نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت نے پاکستان میں بینظیر انکم سپورٹ کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا تھا جس سے لاکھوں غریب مستفید ہو رہے ہیں اور اس مالیاتی ادارے سے گلگت بلتستان کے غریب لوگ بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک جماعت نے اپنی حکومت کی مدت پوری کی اور دوسری جماعت حکومت کر رہی ہے دونوں عوام کو ریلیف دینے یا اس طرح کے مواقع پیدا کرنے کے بجائے گالم گلوچ کی سیاست کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی واحد جمہوری جماعت ہے جس کے کارکن پاکستان کے چپے چپے میں موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد ملک میں جمہوری اقدار کے ذریعے ادارے چلانا اور جمہوریت کو مستحکم کرنے کے حوالے سے کام کرنا ہے تاکہ جمہوریت مضبوط ہونے سے ادارے مضبوط ہوں۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل سید نیر بخاری، پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ اور مصطفی نواز کھوکر سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔