حاجی عبدالوہاب کا جنازہ مولانا نذر رحمان پڑھائیں گے جبکہ ان کے جانشین کے حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا

حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر مولانا طارق جمیل کی پریس کانفرنس

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس اتوار 18 نومبر 2018 15:38

حاجی عبدالوہاب کا جنازہ مولانا نذر رحمان پڑھائیں گے جبکہ ان کے جانشین ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-18 نومبر 2018ء) :حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر مولانا طارق جمیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حاجی عبدالوہاب کا جنازہ مولانا نذر رحمان پڑھائیں گے جبکہ ان کے جانشین کے حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔بہت کم لوگ ہوتے ہیں جو دوسروں کے لیے جیتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر مولانا طارق جمیل نے پریس کانفرنس کی ہے ۔

اس میں انہوں نے جنازے کے وقت کا اعلان کیا ۔انکا کہنا تھا کہ اپنی ذات کی جذبات کی اور ضروریات کی پرواہ نہیں کرتے ہیں اور لوگوں کو نفع پہنچانے کی فکر میں رہتے ہیں۔انہی میں سے ایک حاجی عبدالوہاب صاحب بھی تھے۔میری زندگی کے 50 سال ان کے ساتھ گزرے۔اللہ نے مجھے تاریخ پڑھنے کا موقع بھی دیا اور میں نے دیکھا کہ بہت کم لوگ ایسے پیدا ہوئے ہیں اور شائد آگے بھی ایسے ہی چلے گا کہ بہت کم لوگ ہوں گے کہ جو لوگ اپنے آپ کو اللہ رسول ﷺ میں فنا کر کے ایسے لوگوں کے نفع کا سامان کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی زندگی کا ہر پل ، ہر لمحہ ،ہر پائی اللہ اور اسکے رسول کے لیے وقف کر دی تھی۔انہوں نے یہ بتایا کہ حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ مولانا نذر رحمان پڑھائیں گے جبکہ حاجی عبدالوہاب کا جانشین کون ہوگا اس حوالے سے ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔یاد رہے کہ تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے ہیں۔تبلیغی مرکز رائے ونڈ کے اعلامیہ کے مطابق حاجی عبدالوہاب نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

مولانا عبدالوہاب کی نماز جنازہ بعد از مغرب ادا کی جائے گی۔ نماز جنازہ رائیونڈ مرکز سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر جہاں عالمی تبلیغی اجتماع کا پنڈال ہوتا ہے وہاں ادا کی جائے گی۔وہ تبلیغی جماعت کے تیسرے امیر تھے۔مولانا عبدالوہاب نے اسلامیہ کالج لاہور سے گریجویشن کیا جبکہ وہ یکم جنوری 1923 کو دہلی میں پیدا ہوئے۔حاجی عبدالوہاب نے اپنی پوری زندگی تبلیغ دین متین اور دین کی اشاعت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔انکے انتقال کی خبر سنتے ہی ان کے عقیدتمندوں غم و حزن سے بے حال ہوچکے ہیں۔اس موقع پر ملک کے طول و عرض میں موجود ان کے عقیدتمند انکے جنازے میں شرکت کے لیے لاہور پہنچ رہے ہیں۔