پنجاب یونیورسٹی اوررائل سوسائٹی آ ف کیمسٹری کے زیر اہتمام میڈیکل کیمسٹری اور ڈرگ ڈسکوری پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

اتوار 18 نومبر 2018 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2018ء) پنجاب یونیورسٹی، رائل سوسائٹی آف کیمسٹری اور دیگر تعلیمی و سائنسی اداروں کے زیر اہتمام میڈیکل کیمسٹری اور ڈرگ ڈسکوری پر پہلی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں برطانیہ، ترکی، فلسطین، جرمنی، انڈونیشیا، الجیریا، مصر، ملائیشیا اور ملک بھر سے سائنسدانوں، کمپنیوں کے سی ای اوز،ڈائریکٹرز، محقیقین اور طلباء نے شرکت کی ۔

پنجاب یونیورسٹی سے ڈاکٹر وحید اختر، ڈاکٹر انجم نسیم صابری، ڈاکٹرکنول امین، ڈاکٹرطیب حسنین اور بائیس محقیقین نے اپنی تحقیق پیش کی اور لیکچر دیئے۔ کانفرنس کا مقصد میڈیکل کیمسٹری، کیمیکل بائیولوجی اور ڈرگ ڈسکوری کے شعبے میں تحقیق اور روابط کو فروغ دینا تھا۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں ڈاکٹر انجم نسیم صابری نے کہا کہ کانفرنس میں کینسر سمیت دیگر بیماریوں کا علاج ، بائیولوجیکل پراسیس سمیت مختلف سائنسی شعبوں میں ہونے والی جدید تحقیق کو پیش کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس نے پاکستانی محقیقین کے لئے ایک موقع فراہم کیا ہے کہ وہ متعلقہ شعبوں میں بین الاقوامی سطح پر ہونے والی تحقیق میں اپنا کردار ادا کر سکیںاور بین الاقوامی سائنسدانوں کی تحقیقات اور تجربات سے استعفادہ کر سکیں کانفرنس میں ہونے والے پوسٹر مقابلوںمیں پنجا ب یونیورسٹی سکول آف بائیولوجیکل سائنسز کے عبدالباسط نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔