آئی ایم ایف سے قرضے کی صورت میں مہنگائی کا سیلاب آجائے گا‘راؤ خورشید علی

حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے غریب عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکی، مزید بوجھ برداشت کرنے کی متحمل نہیں

اتوار 18 نومبر 2018 16:00

ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2018ء) لاہور ٹریڈر ز رائٹس فورم کے سینئر وائس چیئرمین راؤ خورشید علی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرضے کی صورت میں مہنگائی کا سیلاب آجائے گا۔آئی ایم ایف سے اگر قرضہ لیا گیا تو عوام پر مزید نئے ٹیکس لگانے ہونگے اور سابقہ ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا جائے گا۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے غریب عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکی ہے مزید بوجھ برداشت کرنے کی متحمل نہیں ہے ۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہی۔ راؤ خورشید علی نے کہا کہ یوں لگتا ہے کہ موجودہ حکومت اناڑیوں کے ہاتھ میں آگئی ہے اور ہر شعبہ میں شتر بے مہار فیصلے کئے جا رہے ہیں جس ہر نتیجہ ہر طرف مہنگائی کی صورت میں نظر آرہا ہے جس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وزیر خزانہ اسد عمر کا یہ بیان کہ 12 ارب ڈالر کی فوری امداد سے معاشی بحران ٹل چکا ہے اور دوسرے جانب آئی ایم ایف سمیت دیگر ملکوں اور مالیاتی اداوں سے قرضوں کے حصول کیلئے جدوجہد کی جار ہی ہے ،انہوںنے کہاکہ اگر قرضوں کا حجم اگر اسی تیز ی سے بڑھتا رہا ہے تو ملک و قوم کو امن و عامہ کی بدترین صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف بھی ہمیں سخت ترین شرائط پر قرضے دے گا جس سے ملک بھر میں مہنگائی کا ایک نیا طوفان آجائے گا لہذا حکومت کو دانشمندی کا ثبوت دیتے ہوئے مزید مہنگائی کو بڑھنے سے روکنا ہوگا اور ہرکوشش کرنی چاہیے کہ غیر ضروری قرضوں کے حصول کیلئے کوشش نہ کی جائے اور غریب عوام کے سروں پر قرضوں کا بوجھ نہ بڑھا یا جائے ۔