ملک دشمن قوتیں پاکستان اور بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن ہوتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتیں،جام کمال خان

سیاسی بنیادوں پر قائم طلباء تنظیموں نے بلوچستان کی یونیورسٹیز اور کالجز کو ماضی میں اپنے مقاصد کیلئے بندرکھا ،وزیراعلیٰ بلوچستان کا تقریب سے خطاب

اتوار 18 نومبر 2018 18:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتیں پاکستان اور بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن ہوتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتیںتعلیمی سے ہی یہ صوبہ اور ملک ترقی کرسکتا ہے جس کیلئے طلباء و طالبات کوا پنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلباء و طالبات کو ماضی میں وہ مواقع فراہم نہیں کئے جاسکے جس سے وہ بہتر اور جدید تعلیم حاصل کرسکیں سیاسی بنیادوں پر قائم طلباء تنظیموں نے بلوچستان کی یونیورسٹیز اور کالجز کو ماضی میں اپنے مقاصد کیلئے بندرکھا 80ء کی دہائی میں کوئٹہ شہر کی سڑکوں پر خون بہانے والے آج پشیمان ہورہے ہیں کیونکہ انہوں نے صرف ڈگریاں حاصل کیں لیکن کبھی خود تعلیم حاصل نہیں کی اور آج اپنے بچوں کو تعلیم نہیں دے پارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلباء و طالبات کو چاہئے کہ وہ ان عناصر اور سیاسی جماعتوں و سیاسی تنظیموں کا مکمل بائیکاٹ کریں جو انہیں تعلیم سے دور رکھنا چاہتی ہیں اور صوبے کو ترقی یافتہ نہیں دیکھنا چاہتے ۔انہو ں نے کہا کہ اس معاشرے میں غلطیاں سب نے کی ہیں ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں کچھ نادانی میں اور کچھ کام ہمارے بس میں نہیں تھے لیکن ہمیں اپنی ان غلطیوں کا احساس ہونے کے بعد انکی اصلاح اور مستقبل میںان غلطیوں کو نہ دہرانے کا سدباب کرنا چاہئے لیکن یہاں ایسا نہیںکیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تعلیم یافتہ نوجوان ہی سیاستدانوں کا احتساب کرسکتے ہیں یہاں ہم غلط ہیں وہاں ہمیں تنقید کا نشانہ بنائیں بہت سی چیزیں ہماری نظروں سے اوجھل رہتی ہیں لیکن انہی طلباء اور شہریوں کی نشاندہی پر نوٹس لیکر انہیں بہتر کرنے کیلئے اقدامات کرتے ہیں طلباء کو چاہئے کہ وہ جدیدتعلیم حاصل کرکے ٹویٹر ،فیس بک اوردیگر جدید ایپس کیلئے ہم تک ان خامیوں کی نشاندہی کریں تاکہ ہم انکا سدباب کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک کی مخالف قوتیں سازشوں کے تحت کسی بھی ملک کو متاثر دیکھنا چاہتی ہیں اور پاکستان کے دشمن بھی پاکستان کو ترقی کرتا ہوا دیکھنا نہیں چاہتے جس کیلئے وہ سازشیں کر رہے ہیں ہمیں ملکر ان سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگاکیونکہ بلوچستان کی ترقی سے ہی پاکستان کی ترقی ممکن ہے بلوچستان کے نوجوان تعلیم حاصل کرکے ترقی میں ہاتھ بٹائیں15سال قبل پہاڑوں پر جانے والے فراری آج پشتاوے کا شکار ہیں اور سمجھ رہے ہیں کہ انکے پندرہ سال ضائع ہوگئے ہیں آج کے فراریوں کی واپسی کی سب سے بڑی وجہ یہی ہے کہ وہ بخوبی سمجھ گئے ہیں کہ پندرہ سال قبل انہیں سیاسی مقاصد کیلئے پہاڑوں پر بیجا گیا اورانکے پندرہ سال ضائع کئے گئے اور وہ غلطی کا ازالہ کرکے واپس آکر ہتھیار ڈال رہے ہیں اور ملک کی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں اسکیمات صرف اور صرف کرپشن کی نظر کرنے کیلئے بنائی جاتی رہی ہیں آج تک کوئی ایسی اسکیم پایہ تکمیل کو نہیں پہنچی جس سے عوام کو فائدہ پہنچے وہ عوام اسکیمیں عوام کے فائدے کیلئے نہیں بلکہ اپنی ذات کوفائدہ دیکھنے کیلئے بنائی گئی تھیں جو آج تک پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکیں جس کی تعداد ہزاروں میں ہے بلوچستان کو اسوقت عوامی اسکیمات کی ضرورت ہے اور ہم ایسی اسکیمات لاناچاہتے ہیں جس کے فوائدعوام تک پہنچ سکیںکیونکہ ہم عوام کے پیسے انکی ترقی و خوشحالی پر لگانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیہاتوں کو اسوقت ڈاکٹرز ،انجینئرز ،کنسٹریکٹرز ،تعلیم یافتہ نوجوانوں کی سخت ضرورت ہے کیونکہ ان تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ہی بدولت ملک ترقی کرسکتا ہے۔