صوابی، پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا کر دو ملزمان کو گرفتارکرلیا

اتوار 18 نومبر 2018 18:20

صوابی۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) صوابی پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا کر دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق 13 اکتوبر کو موضع با م خیل پابینی راستہ سے فرسٹ ائیر کے طالب علم کی قتل شدہ لاش ملی تھی جسے صوابی پولیس نے تحویل میں لے کر نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی صوابی خالد خان کی سر براہی میں ایس ایچ او خالد اقبال ، تفتیشی آفیسر انسپکٹر غنی سید خان اور اے ایس آئی راز محمد پر مشتمل ٹیم نے جدید خطوط پر تفتیش شروع کر دی مدعی امیر نواب خان کی نشاندہی اور پولیس کی جدوجہد سے فرسٹ ائیر کے طالب علم شیر علی سکنہ پابینی کے اندھے قتل کے کیس کو ٹریس کر لیا ۔

پولیس نے ملزمان سروس خان اور مراد خان کو گرفتار کر لیا اورانہوں نے اعتراف جرم بھی کرلیاہے، مجرمان نے پولیس کو بتایا کہ ہم نے مقتول سے ایک موٹر سائیکل خریدی تھی اور مقتول نے موٹر سائیکل کی قیمت ادا کرنے کے لئے کہا تو ہم نے رقم ادا کرنے کی بجائے ان پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا صوابی پولیس نے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔