گزشتہ ہفتے کے دوران 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 19 کی قیمتوں میں اضافہ

اتوار 18 نومبر 2018 19:00

اسلام آباد۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) گزشتہ ہفتے کے دوران 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 19 کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 25 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا، گزشتہ ہفتے کے دوران کمبائنڈ گروپ کیلئے افراط زر کی شرح میں 0.20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات پاکستان(پی بی ایس) کے اعدادوشمارکے مطابق 8 نومبرکو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران کمبائنڈ گروپ کیلئے افراط زر کی شرح 237.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ ہفتے یہ شرح 237.22 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی تھی۔گزشتہ سال کے اسی مدت کے مقابلے میں مشترکہ گروپ کیلئے افراط زر کی شرح میں 4.32 فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیا۔اس اشاریہ کوترتیب دینے کیلئے 17شہری مراکز کی مارکیٹ میں 53 ضروری اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اعدادوشمارکے مطابق 8ہزار روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے افراد کیلئے مہنگائی کی شرح میں 0.19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ ہفتے اس گروپ کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 219.16 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جوپیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 0.19 پوائنٹس زیادہ ہے۔ اعدادوشمارکے مطابق 8001 سے لیکر12ہزار، 12 ہزارسے لیکر18ہزار روپے، 18 ہزار1 روپے سے لیکر35 ہزار روپے، اور35 ہزار سے زائد آمدنی والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.19، 0.20 فیصد، 0.21 فیصداور0.21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔

اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 19 کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 25 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔جن اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے ان میں ٹماٹر، پیاز، ایل پی جی سلنڈر، دال مسور، گڑ، لہسن، بناسپتی گھی اورچینی شامل ہیں۔ اعداد وشمارکے مطابق جن اشیاء کی اوسط قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں آلو، مرغی، انڈے، ماچس، پاوڈرملک، چائے، دال ماش، سرخ مرچ، لکڑی ، کیلے، کوکنگ آئل، بناسپتی گھی (ٹن)، سرسوں کا تیل، دال مونگ اورآٹا شامل ہیں۔