ضلعی محکموں کے سربراہان کو صبح 10 سے 12 بجے تک شہریوں کے مسائل بلاتاخیر حل کرنے کی ہدایت کردی گئی

اتوار 18 نومبر 2018 19:00

فیصل آباد۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) تمام ضلعی محکموں کے سربراہان کو حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی پرعملدرآمد کرتے ہوئے صبح 10 سے 12 بجے تک شہریوں کے مسائل بلاتاخیر حل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار کے احکامات کی روشنی میں شہریوں کے مسائل سن کر ان کے فوری حل کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔

دریں اثناء مذکورہ پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر فیصل ۱ٓباد سردار سیف اللہ ڈوگر کی طرف سے اپنے دفترکے باہر احاطہ میں بیٹھ کر عوام کے مسائل سننے اور انہیںحل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کی تعلیم،صحت ،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،واسا،پی ایچ اے اور دیگر محکموں سے متعلق شکایات سنیں اور ان کے تیز رفتار حل کیلئے متعلقہ محکموں کوہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ اس سلسلہ میں تمام محکموں کی کارکردگی پر بھی گہری نظر ہے۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام ضلعی محکموں کے سربراہان سے کہا کہ وہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی پرعملدرآمد کرتے ہوئے صبح 10 سے 12 بجے تک شہریوں کے مسائل بلاتاخیر حل کریں اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ سرکاری محکموں پر ان کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔