وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار ڈیرہ غازیخان کادورہ مکمل کرنے کے بعدملتان پہنچ گئے

اتوار 18 نومبر 2018 19:00

ملتان۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار ڈیرہ غازیخان کادورہ مکمل کرنے کے بعد اتوارکے روزملتان پہنچ گئے ۔اپنی آمد کے فوراًًبعد وزیراعلیٰ پنجاب سرکٹ ہائوس گئے جہاں انہوںنے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اورضلعی انتظامیہ کے افسروں سے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی بھی صدارت کی جس میں ملتان کے ترقیاتی منصوبوں کاجائزہ لیاگیا۔

اس موقع پروزیراعلیٰ نے غازی گھاٹ بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے افرادکے ورثاء اورزخمیوں میں امدادی چیک تقسیم کئے ۔وزیراعلیٰ نے سرکٹ ہائوس پہنچنے کے بعد متاثرین سے ملاقات کی اوراس سانحہ پرگہرے دکھ اورصدمے کااظہارکیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ یہ بہت افسوسناک حادثہ ہے جس پرمجھے دلی صدمہ ہوا۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزیدکہاکہ مالی امداد سے آپ کے دکھوں کو کم نہیںکیاجاسکتا۔

اس موقع پرجاں بحق ہونے والوں کے ایصال ثواب اورزخمیوں کی جلدصحت یابی کے لئے دعابھی کی گئی ۔وزیراعلیٰ نے متاثرین میں مجموعی طورپرایک کروڑ 28لاکھ 25ہزار روپے کے چیک تقسیم کئے ۔حادثہ میں جاں بحق ہونے والے ورثاء کو فی کس 5لاکھ روپے اورزخمیوں کو75,75ہزارکے امدادی چیک دیئے گئے ۔واضح ہو کہ اس حادثے میں مظفرگڑھ اورملتان سے تعلق رکھن والے 21افرادجاں بحق اور31زخمی ہوگئے تھے ۔