Live Updates

وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی غازی گھاٹ حادثے کے متاثرین سے ملاقات ،مالی امداد کے چیک تقسیم

غازی گھاٹ ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 5لاکھ روپے ،زخمی کو 75ہزارفی کس کے چیک دئیے گئے

اتوار 18 نومبر 2018 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2018ء) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے سرکٹ ہائوس ملتان میں ڈیرہ غازی خان کے قریب غازی گھاٹ ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اورزخمی ہونے والے مسافروں سے ملاقات کی۔ سرکٹ ہائوس ملتان میں وزیراعلیٰ نے فرداً فرداً جاںبحق افراد کے لواحقین اور زخمی افراد سے ان کی نشستوں پر جاکرمزاج پرسی کی اوران سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دلاسہ بھی دیا-وزیر اعلیٰ نے حکومت پنجاب کی طرف سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو5,5 لاکھ روپے فی کس جبکہ زخمی ہونے والے افراد کو 75،75ہزار روپے مالی امداد کے چیک دئیے۔

وزیر اعلیٰ نے جاںبحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اورایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس المناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج ہوا ہے اورپنجاب حکومت آپ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔مالی امداد آپ کے پیاروں کے بچھڑنے کے دکھ کا مداوا نہیں ہے، ہماری ہمدردیاں آپ لوگوں کے ساتھ ہیں۔جن کے پیارے دنیا سے چلے گئے، اس کا دکھ وہی جانتے ہیں۔ اس موقع پر ملتان کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ،تحریک انصاف ملتان کی قیادت ، کمشنر ملتان ڈویژن ، آر پی او ملتان ، ڈپٹی کمشنر ملتان اوراعلی حکام بھی موجود تھے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات